جموں کے دس اضلاع میں بڑے پیمانے پر چھاپہ ماری جاری، متعدد افراد گرفتار | سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا

Towseef
5 Min Read

عظمیٰ نیوزسروس

جموں//ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں ڈاکٹر آنند جین نے کہاکہ جموں کے دس اضلاع میںملی ٹینٹوں اور ان کے مدد گاروں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ پانچ دنوں کے دوران پچاس مقامات پر چھاپے مارے گئے جس دوران متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا ۔اے ڈٰ جی پی کا مزید کہنا تھا کہ ملی ٹینسی کے ایکو سسٹم کو نیست و نابود کرنے کی خاطر چھاپہ ماری کا سلسلہ جاری رہے گا۔ان باتوں کا اظہار اے ڈی جی پی نے جموں میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ جموں صوبے میں حالیہ حملوں کے تناظر میں پولیس نے ملی ٹینٹوں اور ان کے معاونین کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہے۔ان کے مطابق دس اضلاع میں جاری چھاپہ ماری کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ تاچھ شروع کی گئی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ملی ٹینسی کے ایکو سسٹم کو تباہ کرنے کی خاطر پاک مقیم دہشت گردوں اور ان کے ہینڈلرز کی جائیدادوں کو ضبط کرنے کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے اوراسی سلسلے کی ایک کڑی کے تحت کشتواڑ میں سات افراد کی جائیدادیں قرق کی گئیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ دنوں کے دوران جموں صوبے کے دس اضلاع میں پچاس مقامات پر چھاپے مارے گئے جس دوران پولیس کو کامیابیاں بھی مل پائی ہیں۔انہوں نے کہاکہ جن افراد کو حراست میں لیا گیا ان سے تفتیش جاری ہے تاکہ یہ پتہ لگایاجاسکے کہ ان کا ملی ٹینٹوں کے ساتھ روابط تو نہیں ۔جائیدادوں کی ضبطی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں اے ڈی جی پی نے کہاکہ ملی ٹینٹوںکو منطقی مدد فراہم کرنے والوں کو بھی اب بخشا نہیں جائے گا۔گرفتار مشتبہ افراد کی تعداد کے بارے میں جب اے ڈی جی پی سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہاکہ فی الحال اُن سے پوچھ تاچھ ہو رہی ہے۔این ایس جی کے بارے میں پوچھے گئے اور ایک سوال کے جواب میں اے ڈی جی پی نے کہاکہ جموں میں این ایس جی کی تعیناتی سے پولیس کو مد د ملے گی۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر پولیس کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح سے تیار ہے۔انکاکہناتھا’’ہمیں خصوصی افواج کی حمایت حاصل ہے۔ این ایس جی کی تعیناتی ہوئی ہے۔ہم کسی بھی صورت حال کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہیں‘‘۔ آنند جین نے خبردار کیا ہے کہ جو لوگ ملک دشمنی کے عزائم رکھتے ہیں یا دہشت گردوں کی حمایت کرتے ہیں، انہیں سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جین نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ چوکس رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع دے کر قانون نافذ کرنے والے اداروں کیساتھ تعاون کریں۔ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس آنندجین نے وارننگ دی کہ جو لوگ ملک مخالف عزائم رکھتے ہیں یا ملی ٹینٹوں کو کسی قسم کی مدد فراہم کرتے ہیں، انہیں سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ شہری چوکس رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع دے کر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ملی ٹینسی کے ماحولیاتی نظام اور نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈاؤن کرکے خطے کے امن کی حفاظت کیلئے جموں و کشمیر پولیس کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے، سینئرپولیس افسرآنندجین نے ملوث افراد کی جائیدادوں کو ضبط کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ مزید 29 مفرور ملی ٹینٹوں کی جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔اے ڈی جی پی جموں زون آنند جین نے مزید کہاکہ ان جائیدادوں کو منسلک کرنے کا عمل جاری ہے اور جلد ہی مکمل کر لیا جائے گا، جس سے ملی ٹینٹوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ مضبوط کارروائی جموں و کشمیر پولیس کے خطے کے امن کی حفاظت اور قوم کی خودمختاری اور سالمیت کو برقرار رکھنے کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

Share This Article