عظمیٰ نیوز سروس
جموں//حکومت نے کسانوں کی سہولت کے لئے 15 مارچ 2024 سے جموں صوبے کی تمام بڑی نہروں میں پانی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔جیسا کہ ڈائریکٹر ایگریکلچر پروڈکشن اینڈ فارمرز ویلفیئر جموں نے اپنے ایک حکم نامہ زیر نمبر Agri/DAJ/Dev-33/2023-24/8118-23 تاریخ 1-3-2024 کے ذریعے تجویز کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کسانوں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ مین رنبیر کینال، نیو پرتاپ کینال، کٹھوعہ کینال اور جموں صوبے کی دیگر نہروں کا پانی 15 مارچ 2024 سے چھوڑ دیا جائے گا۔تمام متعلقہ سپرنٹنڈنگ انجینئرز اور ایگزیکٹو انجینئرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کینال کی ری چارجنگ سے قبل جاری کاموں کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے اپنی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کریں۔آبپاشی ڈویژن نمبر1 جموں، آبپاشی ڈویژن نمبر 2جموں، آبپاشی ڈویژن اکھنور اور آبپاشی ڈویژن کٹھوعہ کے ایگزیکٹیو انجینئر کو ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت دی گئی ہے جو نہر/ تقسیم کے نیٹ ورک کے افتتاح کے دوران پانی کے ساتھ منتقل کریں گے۔