جموں//جماعت اسلامی جموںوکشمیر نے جموں کی مختلف جیلوں میں کشمیری نظر بندوں کے تئیں روا رکھے جارہے’’ غیر انسانی اور غیر اخلاقی‘‘ سلوک پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس طرح کے سلوک کو انسانیت کش اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی سے تعبیر کیا ہے۔ یہاں موصولہ ایک بیان میں جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ کٹھوعہ جیل میں پچاس کے قریب کشمیری نظر بند جیل انتظامیہ کی جانب سے غیر انسانی سلوک کا شکار ہے جس سے قیدیوں کی زندگی جہنم زار بن چکی ہے،جیل انتظامیہ کی جانب سے محبوسین کو مسلسل 23گھنٹوں تک تنگ و تاریک کوٹھریوں میں قید رکھا جاتا ہے اور صرف ایک گھنٹہ کے لیے بارکوں سے باہر چھوڑ دیا جاتا ہے جس سے قیدیوں کی صحت بری طرح بگڑ چکی ہے۔ بیان کے مطابق جیل انتظامیہ کی جانب سے قیدیوں کے رشتہ داروں کو بھی ہفتہ وار ملنے کی اجازت نہیں دی جاتی بلکہ پندرواڑہ بنیاد پر ہی قیدیوں کو اپنے عزیز و اقارب سے ملنے کی اجازت دی جاتی ہے،جیل انتظامیہ کی کشمیری نظر بندوں کے تئیں عناد کا مشاہدہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ جونہی کوئی کشمیری نظر بند جیل میں لایا جاتا ہے، جیل خانہ میں داخل ہونے سے قبل ہی اُس کی سرعام میدان میںشدید پٹائی کرنے کے علاوہ تمام لوگوں کی موجودگی میں اُسے الف ننگا کردیا جاتا ہے۔ نیز شدید گرمی کے دوران جیل کے اندر دو بارکوں کے لیے صرف ایک واٹر کولر فراہم کیا جاتا ہے جو کہ وہاں موجود افرادکے لیے نامکتفی ہے جس سے کشمیری نظربندوں کی صحت پر برے اثرات پڑ چکے ہیں۔ جیل میں فراہم کردہ کھانا اور سبزی بھی غیر معیاری اور نامکمل ہوتی ہے۔بیان کے مطابق جماعت اسلامی جموںوکشمیر‘ کٹھوعہ جیل کی انتظامیہ کی طرف سے کشمیری نظربندوں کے تئیں بہیمانہ سلوک کی کڑی الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور انسانی حقوق کی جملہ انجمنوں پر زور دیتی ہے کہ وہ جموںوکشمیر کی جیلوں کا معائینہ کرکے قیدیوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی خاطر ضروری اقدامات عمل میں لائیں۔