جموں//ریاستی کیڈر کے ایک نو تعینات شدہ آئی اے ایس افسر کی گزشتہ روز دہلی میں سوئمنگ پول میں موت واقع ہو گئی۔ 2016بیج کے آئی اے ایس افسر اورہریانہ کے رہنے والے آشیش دہائیہ کو کل جموں کے امپا تربیتی مرکز میں جوائن کرنا تھا ۔دہلی پولس کے ایک اہلکار کے مطابق گزشتہ دیر شب پی سی آر کو ایک فون کال موصول ہوئی ، جس میں فون کرنے والے نے بتایا کہ بیر سرائے میں واقع ایف سی آئی کے سوئمنگ پول میں ایک شخص ڈوب گیا ہے اور اسے اسپتال پہنچایا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتا یا کہ مہلوک کی شناخت آشیش دہیا (30) کے طورپر کی گئی ہے جو ہریانہ باشندہ ہے اور جونیئر آئی ایس ٹرینی افسر ہے ۔ جنوبی دہلی کے پولیس ڈپٹی کمشنر ایشورسنگھ نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ٹرینی آئی اے ایس افسر کی موت ڈوبنے سے ہوئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ آشیش دہیا انڈین فارن اینڈ ریوینیو سروس کے اپنے دوسرے دوستوں کے ساتھ ایک پارٹی میں شرکت کرنے گئے تھے ۔ پارٹی کے دوران انہوں نے سوئمنگ پول میں کچھ دیر تیرنے کا فیصلہ کیا۔ عینی شاہدین کے مطابق تیرنے کے دوران ایک لیڈی آفیسر سوئمنگ پول میں پھسل کر گر گئیں، جن کو ب آشیش دہیا اور دیگر لوگوں نے بچانے کی کوشش کی۔ لیڈی آفیسر کو محفوظ بچا لیا گیا لیکن اس دوران آشیش دہیا لاپتہ ہوگئے ۔ بعد میں ان کی لاش تیرتی ہوئی ملی۔ انہیں فوری طورپر اسپتال پہنچایا گیا ، جہاں ڈاکٹروں نے ان کو مردہ قرار دے دیا۔ فارن سروس انسٹی ٹیوٹ کے اسٹیشن میڈیکل آفیسر ڈاکٹر پرمیش بنسل نے بتایا کہ آشیش دہیا کو سوئمنگ پول سے نکالنے کے بعد ابتدائی علاج دیا ا گیا لیکن جسم میں کوئی حرکت نہیں ہونے پر ان فورا قریبی فورٹس اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ بعد میں ان کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے آل انڈیا انسٹیٹیوٹ بھیج دیا گیا۔ مہلوک کے اہل خانہ کو حادثے کی اطلاع دے دی گئی ہے ۔