نئی دہلی//سال 1983 کے عالمی کپ فاتح ٹیم کے کپتان کپل دیو نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کرکٹ ٹیم اگر انہیں اپنا کوچ مقرر کرتی ہے تو ان کے لئے یہ بڑے اعزاز کی بات ہوگی۔جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن (جے کے سي اے ) نے کپل کو اپنی ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے کی دعوت دی ہے ۔جے کے سي اے کے سی ای او عاشق علی بخاری نے اس کی تصدیق کی ہے کہ ان کی طرف سے کپل سے کوچ کا عہدہ سنبھالنے کی درخواست کی گئی ہے ۔ کپل نے یہاں تین روزہ اسپورٹس ایکسپو ایشیا نمائش سے الگ ہفتہ کو صحافیوں کو بتایاکہ اگر میں کرکٹ کے لئے کچھ کر سکا تو ضرور کروں گا۔موجودہ وقت میں متعدد ریاستی کرکٹ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے اور اگر جموں کشمیر کرکٹ مجھے اپنا کوچ بنانا چاہتی ہے تو میرے لئے یہ ایک اعزاز کی بات ہوگی۔ سابق کپتان کا ساتھ ہی یہ بھی کہنا ہے کہ وہ جے کے سي اے کے ساتھ کل وقتی کوچ کے طور پر کام نہیں کر سکتے لیکن کچھ سیشن کے لئے ٹیم کو ٹریننگ دے سکتے ہیں اور اپنا تجربہ ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ شئیر کر سکتے ہیں۔ جے کے سي اے نے کپل کے علاوہ طویل عرصے سے ہندستانی ٹیم سے باہر چل رہے آل راؤنڈر عرفان پٹھان سے بھی ٹیم سے بطور کھلاڑی اور مینٹر جڑنے کی درخواست کی ہے ۔بڑودہ ٹیم سے نظر انداز کئے گئے عرفان اب جموں کشمیر کی جانب سے کھیل سکتے ہیں۔یو این آئی