عظمیٰ نیوزسروس
جموں// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ عوامی نمائندہ سرکار بہتر اور افضل انتظامیہ کی علامت ہوتی ہے کیونکہ عوامی سرکار ہی لوگوں کے مسائل و مشکلات سے باخبر ہوتی ہے اور ان کا ازالہ کرسکتی ہے۔ ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ عوامی سرکار کا متبادل کچھ بھی نہیں ہوسکتا۔جموں میں پارٹی لیڈران کارکنوں اور عوامی نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جمہوریت اور آئینی ماحول میں سخت گیر پالیسی،دھونس دبائو اور طاقت کی کوئی بھی قیمت نہیں ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا’’ جموں کشمیر کا رشتہ مرکز کے ساتھ جن اصولوں پر آنجہانی ہرسی سنگھ نے کیا ہے ان پر ہی عمل کرکے ریاست کی ترقی،خوشحالی اوور امن و سکون کا راز مضمر ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام نے جس سرکار کو اپنے قیمتی ووٹوں سے جس طرح کامیاب بنیا ہے اس کو آزادانہ طور پر بغیر کسی دبائو کام کرنے کی ہر سطح پر تعان دینے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی عوامی نمائندہ سرکار لوگوں کے تمام مسائل و مشکلات کا ازالہ کرنے کیلئے برسر جدوجہد ہے جن وعدون کا عوامی انتخابی ،منشور میں ذکر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے مسائل کو کم کرنا موجودہ سرکار کی اولین ترجیج ہے کیونکہ لوگوں نے نیشنل کانفرنس کو اعتماد دیا ہے اس پر عمل کیا جائے گا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جموں کشمیر کے لوگ ہی اصل میں زمین کے مالک ہے اور سرکاری ملازمتیں اصل میں یہاں کے لوگوں کا ہی حق ہے،جو آئین ہند کے تحت حاصل ہوا ہے۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ مذہنی اور صحافتی آزادی بھی آئین ہند کی دین ہے۔انہوںنے ورکروں سے تاکید کی کہ وہ پارٹی کو ہر صورت میں مضبوط بنائیں۔