یو این آئی
جموں //سینٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن(سی بی آئی )نے پولیس سب انسپکٹر بھرتی سکینڈل میں گرفتار کئے گئے 24ملزمان کے خلاف عدالت مجاز میں چارج شیٹ پیش کیا۔ ہفتے کے روز سی بی آئی نے جموں کی ایک خصوصی عدالت میں 24ملزمان کے خلاف چارج شیٹ پیش کی۔ معلوم ہوا ہے کہ چارج شیٹ میں سی بی آئی نے بتایا کہ ملزمان نے سب انسپکٹر امتحانات کے پرچے 20سے 30لاکھ روپیہ میں فروخت کئے ہیں۔ ملزمان میں بی ایس ایف میڈیکل آفیسر، سی آر پی ایف اور جموں وکشمیر پولیس کے اہلکار وں سمیت 24افراد شامل ہیں۔ چارج شیٹ میں، مرکزی تفتیشی بیورو نے کہا کہ ریواڑی کے یتن یادو، جو ماسٹر مائنڈ ہے، نے دہلی کے اوکھلا میں واقع ایک پرنٹنگ پریس کے ملازم پردیپ کمار کٹیار کے ذریعے سوالیہ پرچہ تک رسائی حاصل کی تھی۔
یادو نے جموں و کشمیر پولیس اور مرکزی نیم فوجی دستوں کے درمیان اور اہلکاروں کے نیٹ ورک کا استعمال کرتے ہوئے ان خواہشمندوں کو نشانہ بنایا جو بھرتی کے عمل سے گزرنے کے لیے 20-30 لاکھ روپے حاصل کرنے کے خواہاں تھے۔امتحان کے ذریعے جموں و کشمیر پولیس میں 1200 اسامیوں کو پْر کیا جانا تھا۔چارج شیٹ میں یادو، کٹیار اور بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے سابق کمانڈنٹ کرنیل سنگھ شامل ہیں۔ سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور بی ایس ایف کے اہلکار اور درمیانہ دار، جن میں سے زیادہ تر عدالتی اور پولیس کی تحویل میں ہیں، بھی چارج شیٹ میں شامل ہیں۔سی بی آئی نے اس سال 3 اگست کو جموں و کشمیر انتظامیہ کی جانب سے پولیس سب انسپکٹرز کی بھرتی کے لیے سروس سلیکشن بورڈ کی طرف سے 27 مارچ کو کرائے گئے تحریری امتحان میں بے ضابطگیوں کے الزامات کی تحقیقات کے حوالے سے ایک کیس درج کیا تھا۔4 جون کو اعلان کردہ نتائج بے ضابطگیوں کے الزامات سے متاثر ہوئے۔کیس کو سنبھالنے کے بعد، سی بی آئی نے ہریانہ، دہلی، کرناٹک اور جموں و کشمیر سمیت متعدد ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 77 مقامات پر تلاشی لی۔ایجنسی نے بڑے تکنیکی ڈیٹا کا تجزیہ کیا اور بڑی تعداد میں گواہوں کی جانچ کی۔ایجنسی نے متعدد راؤنڈ تلاشی کے دوران 61.79 لاکھ روپے کی نقد رقم برآمد کی۔سی بی آئی نے ایک بیان میں کہا کہ یادو نے بی ایس ایف، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس کے اہلکاروں سمیت دیگر ملزمین سے رابطہ کیا تاکہ امیدواروں کو سوالیہ پرچہ فروخت کرنے کا بندوبست کیا جا سکے۔’’سازش کو آگے بڑھاتے ہوئے امیدواروں کو کرنال لے جایا گیا اور پیسے کے عوض لیک ہونے والا سوالیہ پرچہ فراہم کیا۔ جموں و کشمیر کے چند ملزمان نے گنگیال (جموں میں) میں امیدواروں کو لیک ہونے والے سوالیہ پرچے فراہم کرنے کا انتظام کیا۔مزید یہ بھی الزام لگایا گیا کہ ملزم نے ایک ڈاکٹر (کرنیل سنگھ) کی رہائش گاہ پر لیک ہونے والا سوالیہ پرچہ تقسیم کیا۔ یہ بھی الزام لگایا گیا کہ کچھ امیدواروں نے مذکورہ سازش میں سرگرمی سے حصہ لیا،۔