پرویز احمد
سرینگر//جموں و کشمیر میں حالیہ برسوں میں اعضا کی پیوند کاری کی تعداد میں واضح اضافہ دیکھا گیا ہے۔صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے 13 دسمبر 2024 کو لوک سبھا میں ایک سوال کے جواب کے مطابق، خطہ میں 2021میں 21ٹرانسپلانٹس ریکارڈ کئے گئے، 2022 میں 52 اور 2023میں 51 کے ساتھ مسلسل اضافہ دیکھا گیا، جو مرکزی علاقے میں اعضا کے عطیات اور پیوند کاری کے بڑھتے ہوئے رجحان کو نمایاں کرتا ہے۔ اگرچہ یہ تعداد زیادہ آبادی والی ریاستوں کے مقابلے میں معمولی ہے، لیکن یہ رجحان خطے میں صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کے لیے ایک مثبت تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے۔جموں و کشمیر میں یہ اضافہ اعضا کی پیوند کاری میں وسیع تر قومی ترقی کا حصہ ہے۔ پچھلے تین سالوں میں، ہندوستان میں اعضا کی پیوند کاری کی سرجریوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، 2023 میں کل 18,378، 2022میں یہ تعداد 16,041اور 2021میں 12,259درج کی گئی تھی۔ یہ اضافہ اعضا کے عطیہ کے پروگراموں کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک کی عکاسی کرتا ہے اور پورے ملک میں عطیہ یا عطیہ کے فوائد کے بارے میں بیداری میں اضافہ ہے۔جموں و کشمیر میں، زیادہ تر ٹرانسپلانٹس سرکاری ہسپتالوں میں کئے جاتے ہیں، جن میں 2021، 2022، اور 2023 میں رپورٹ کئے گئے تمام ٹرانسپلانٹس ان اداروں میں کیے گئے تھے۔
یہ رجحان قومی اوسط سے متصادم ہے، جہاں پرائیویٹ ہسپتالوں میں ٹرانسپلانٹس کا ایک بڑا حصہ ہوتا ہے۔ 2023 میں، ہندوستان کے سرکاری ہسپتالوں میں اعضا کی پیوند کاری کی کل تعداد 2,151 تھی، جب کہ نجی ہسپتالوں میں 10,701 پیوند کاری کی گئی ۔اعضا کی پیوند کاری کی لاگت ایک اہم مسئلہ بنی ہوئی ہے، جس کے اخراجات سرکاری اور نجی صحت کی سہولیات کے درمیان نمایاں طور پر مختلف ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر، دل کی پیوند کاری پر تقریباً 20لاکھ روپے لاگت آسکتی ہے۔ جبکہ گردے کی پیوند کاری پر 2 لاکھ سے 3.45 لاکھ روپے کے درمیان لاگت آسکتی ہے، اس بات پر منحصر ہے کہ عطیہ دہندہ کا تعلق ہے یا غیر متعلق۔ ان اخراجات کو حل کرنے کے لیے حکومت کی کوششوں میں مرکزی حکومت کے ہسپتالوں میں مفت یا سبسڈی والے علاج کی فراہمی اور آیوشمان بھارت جیسی سکیموں شامل ہیں۔صحت اور خاندانی بہبود وزارت کے مطابق آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا جیسی قومی سکیموں کے ساتھ، ، بشمول جموں و کشمیر کڈنی ٹرانسپلانٹ فہرست میں شامل ہسپتالوں میں سبسڈی پر دستیاب ہیں، جس سے زندگی بچانے کے طریقہ کار کو شہریوں کے لیے زیادہ قابل رسائی بنانے میں مدد ملتی ہے۔جموں اور کشمیر میں اعضا کی پیوند کاری میں اضافہ، دیگر ریاستوں کے مقابلے میں اب بھی کم ہے۔مرکزی وزارت کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں کئی اقدامات کئے گئے ،اور سب سے اہم اقدامات میں سے ایک نیشنل آرگن ٹرانسپلانٹ پروگرام ہے، جس کا مقصد مردہ اعضا کے عطیہ کے بارے میں بیداری کو بڑھا کر، اعضا کی خریداری اور تقسیم کا ایک موثر طریقہ کار قائم کرکے، اور عوامی شعبے کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنا کر ضرورت مندوں کے لیے اعضا کی پیوند کاری تک رسائی کو بہتر بنانا ہے۔ گردے کی پیوند کاری کو پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا سکیم میں شامل کیا گیا ہے، جو ضرورت مند افراد کو مالی مدد فراہم کرتا ہے۔ مزید، راشٹریہ آروگیہ ندھی کے تحت خط غربت سے نیچے کے مریضوں کے لیے دل، پھیپھڑے، جگر، گردے اور دیگر اعضا کی پیوند کاری کے لیے 15 لاکھ روپے کی مالی امداد دستیاب ہے۔ 25 مئی 2025 کو ایک تاریخی کامیابی کے طور پر، سپر سپیشلٹی ہسپتال،جی ایم سی سرینگرکے نیفرو یورولوجیکل ڈیپارٹمنٹس نے اپنا پہلا براہ راست گردے کی پیوند کاری کو کامیابی کے ساتھ انجام دیا ۔ یہ سنگ میل ڈائیلاسز پر انحصار کرنے والے اور ٹرانسپلانٹ کے منتظر مریضوں کے لیے امید کے ایک نئے دورکی شروعات ہے۔سکمز میں 2024تک ڈاکٹر سیلم وانی نے سینکڑوںگردوں کی پیوند کاری کامیابی سے کی ہے۔ 2023کے اعدادوشمار کے مطابق سکمزمیں 550 سے زیادہ گردوں کی پیوند کاری کی گئی۔سکمز کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ ڈاکٹر سیلم وانی نے “یہاں پہلا سویپ کڈنی ٹرانسپلانٹ کیا ، جو تاریخی لمحہ تھا۔”2014سے 2023 تک، ہندوستان میں اعضا کی پیوند کاری کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کی کل تعداد 2014 میں 6,916 سے بڑھ کر 2023 میں 18,378 ہوگئی۔ اسی طرح اعضا کے عطیات 2014 میں 6,294 سے بڑھ کر 2023میں 16,542 تک پہنچ گئے۔2014 میں، ہندوستان نے 6,916 اعضا کی پیوند کاری اور 6,294 اعضا کے عطیات ریکارڈ کئے گئے ۔