عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں کشمیر حکومت نے کہا ہے کہ 30 ستمبر 2025 تک یونین ٹیریٹری میں تقریباً 19,501 ہیکٹر جنگلاتی اراضی غیر قانونی قبضے میں ہے، اور یہ کہ تجاوزات زدہ علاقوں کی بازیافت اور بحالی کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔اسمبلی میں محکمہ جنگلات اور ماحولیات کی طرف سے پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق، سب سے زیادہ تجاوزات کشمیر کے خطہ سے رپورٹ ہوئی ہیں، اننت ناگ، لدر، شوپیان، کولگام، اونتی پورہ، کامراج اور لنگیٹ ڈویژنوں میں ہزاروں ہیکٹر جنگلاتی اراضی پر قبضہ کیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر، سائوتھ فاریسٹ سرکل میں 3,268 ہیکٹر رقبہ تجاوزات کے تحت ریکارڈ کیا گیا، جبکہ نارتھ سرکل نے تقریباً 1,493 ہیکٹر اورسرینگر سرکل نے 1,170 ہیکٹر سے زیادہ تجاوز شدہ جنگلاتی اراضی کی نشاندہی کی ہے۔حکومت نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران ستمبر 2025 تک، مختلف جنگلاتی ڈویژنوں میں بے دخلی کی مہموں نے تقریبا ً45 ہیکٹر تجاوزات والی اراضی کوباز یاب کرایا ہے، جس کے بعد باڑ لگائی گئی ، مقامی انواع کے پودے لگائے گئے، اور دوبارہ تجاوزات کو روکنے کے لیے اس کی قدرتی جنگل کی حیثیت کو بحال کیا گیا ہے۔اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی فہرست دیتے ہوئے، محکمہ نے کہا کہ غیر قانونی قبضوں کی نشاندہی کرنے کے لیے تفصیلی سروے اور جنگلات کی حدود کا تعین کیا جا رہا ہے۔ انڈین فاریسٹ ایکٹ 1927 کی دفعہ 79(A) کے تحت نوٹسز تجاوزات کرنے والوں کو جاری کیے جاتے ہیں اور انہیں زمین خالی کرنے کی ہدایت کی جاتیہے۔ محکمہ، علاقائی عملے اور فارسٹ پروٹیکشن فورس کے ساتھ مل کر، جنگل کے علاقوں کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے بے دخلی کی کارروائیاں کر رہا ہے۔حکومت نے کہا کہ مزید تجاوزات روکنے کے لیے حساس علاقوں میں چوکسی بڑھا دی گئی ہے ا۔ ڈرون، جی پی ایس میپنگ، اور ریموٹ سینسنگ جیسی ٹیکنالوجی کو غیر قانونی قبضوں کی بہتر نگرانی اور پتہ لگانے کے لیے تعینات کیا جا رہا ہے۔محکمہ نے کہاکہ قبضہ شدہ اراضی کی بازیابی اولین ترجیح ہے اور یونین ٹیریٹری میں تمام غیر قانونی طور پر قبضہ شدہ جنگلاتی اراضی کو دوبارہ حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔