سرینگر//حکام نے بدھ کو بتایا کہ جموں کشمیر میں مزید10افراد کورونا وائرس کی وجہ سے جاں بحق ہوگئے ہیں۔
گذشتہ رات سے جو دس افراد جاں بحق ہوگئے اُن میں سے8کا تعلق کشمیرجبکہ 2کا تعلق صوبہ جموںسے تھا۔
وادی کے جو آٹھ افراد انتقال کرگئے اُن میں سے ایک فتح کدل سرینگر کا رہنے والا تھا جس کی عمر70برس تھی اور وہ سی ڈی اسپتال میں انتقال کرگیا۔
ایک اور 75سالہ شہری اولڈ برزلہ سرینگر کا رہنے والا تھا جو سکمز صورہ میں چل بسا۔نوہٹہ سرینگر کا55سالہ شہری بھی کورونا سے مرنے والوں میں شامل ہے۔ سکمز صورہ میں ہی کورونا سے جاں بحق ہونے والوں میں ایک61سالہ خاتون بھی شامل ہے۔
نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق اسی طرح لیتر پلوامہ کی ایک 60سالہ خاتون اورنارہ بل بڈگام کا ایک65سالہ شہری بھی کورونا سے مرنے والوں میں شامل ہیں جو بالترتیب سکمز صورہ اور سکمز بمنہ میں انتقال کرگئے۔
وادی سے جو مزید دو افراد کورونا سے ازجان ہوگئے اُن میں کنچن گاندربل کی ایک40سالہ خاتون اورگوپالپورہ اننت ناگ کا ایک75سالہ شہری شامل ہیں۔
صوبہ جموں میں جو دو کورونا ہلاکتیں ہوئیں اُن میں راجوری کا رہنے والا ایک70سالہ شہری اور ناگ بنی جموں کا رہنے والا58سالہ شہری شامل ہیں۔
حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے مذکورہ سبھی افراد مختلف امراض میں مبتلاءتھے اور اُن کے علاج و معالجہ کے دوران اُن کے کورونا ٹیسٹ رپورٹ بھی مثبت آئے تھے۔