سرینگر//سنیچر کے روز سکمز بمنہ میں ایک72سالہ شہری، جو کورونا وائرس میں مبتلاءتھا، چل بسا۔ضلع بارہمولہ کے ٹنگمرگ علاقے سے تعلق رکھنے والے مذکورہ شہری کی ہلاکت جموں کشمیر میں کورونا کی چھٹی ہلاکت ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے این او نے سکمز بمنہ کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ قاضی پورہ ٹنگمرگ کا شہری، جس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا آج صبح چل بسا۔
مذکورہ شہری 13اپریل سے مذکورہ اسپتال میں زیر علاج تھا اور وہ ہائے بلڈ پریشر سمیت کئی امراض میں مبتلاءتھا۔
ٹنگمرگ کے شہری کی موت کے بعد جموں کشمیر میں کورونا ہلاکتوں کی تعداد چھ ہوگئی ہے۔ان میں سے پانچ شہری وادی کشمیر جبکہ ایک صوبہ جموں میں ازجان ہوگیا۔جموں کشمیر میں کورونا کی پہلی ہلاکت26مارچ کو پیش آئی ۔