جموں کشمیر میں ولیج ڈیفنس گارڈز اسکیم کا آغاز آج سے لاگو ہوگی،یوٹی سرکار کے احکامات صادر

نیوز ڈیسک

سرینگر// جموں و کشمیر کی حکومت نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں ولیج ڈیفنس گارڈز اسکیم کے نفاذ سے متعلق باضابطہ طور پر احکامات صادر کردیئے ہیں۔اس سکیم پر عمل درآمد مرکزی وزارت داخلہ سے منظوری ملنے کے بعد شروع کیا گیا ہے جس نے مارچ میں پرانی اسکیم میں تبدیلی اور نظر ثانی کی تھی، اسکیم آج سے لاگو ہو جائے گی۔وزارت داخلہ نے مارچ میں جموں و کشمیر حکومت کو بھیجے گئے ایک مکتوب میں کہا تھاکہ “ولیج ڈیفنس گروپ کے ممبران کو ولیج ڈیفنس گارڈ (VDG) کے طور پر نامزد کیا جائے گا‘‘۔زیادہ کمزور علاقوں میں، افراد (V1 زمرہ) جو VDG کی قیادت کریں گے / کوآرڈینیٹ کریں گے، انہیں 4500/ ماہانہ روپے ادا کیے جائیں گے اور دیگر افراد (V2 زمرہ) جو رضاکارانہ بنیادوں پر ان VDGs کے ممبر ہیں کو یکساں شرح پر 4000/ فی مہینہ روپے ادا کیے جائیں گے۔

حکومت جموں و کشمیر کے اس ماہ جاری کردہ سرکاری احکامات کے مطابق، ہر ولیج ڈیفنس گروپ متعلقہ ضلع کے ایس پی/ایس ایس پی کی نگرانی اور ہدایت کے تحت کام کرے گا۔ اسی طرح، ہر ولیج ڈیفنس گروپ کی قیادت/کوآرڈینیٹ افراد V1 زمرے میں شامل ہوں گے، جو اپنے چارٹر آف ڈیوٹی پر اثر انداز ہونے والے پیغامات کو پاس کرنے اور وصول کرنے کے لیے پولیس کی وائرلیس سہولیات کا استعمال کرنے کے بھی مجاز ہوں گے۔تمام گارڈز کو تقریباً 4000 روپے ماہانہ کے مالیاتی فوائد حاصل ہوں گے۔جموں و کشمیر حکومت کے مطابق، ولیج ڈیفنس گارڈز اسکیم کا مقصد مقامی آبادی کے درمیان سیکورٹی کے معاملات میں خود کی حفاظت کا رویہ پیدا کرنا ہے اور تخریبی کارروائیوں اور سرحد پار سے نمٹنے کے لیے سیکورٹی فورسز کی جاری کوششوں میں بھی اضافہ کرنا ہے۔ سرکاری دستاویز میں کہا گیا ہے کہ ’’ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے اور قوم کی خودمختاری اور سالمیت کو برقرار رکھنے کی کوششوں میں فعال اور رضاکارانہ طور پر حصہ لینا عوام کی خواہش کا مظہر ہے۔