سرینگر/گورنر ستیہ پال ملک کی صدارت میں بدھ کو جموں میں ریاستی انتظامی کونسل کا اجلاس منعقد ہوا جس میں جموں اینڈ کشمیر میٹرو پالیٹن ریجنل ڈیولپمنٹ اتھارٹی بِل2018 کو منظوری دی گئی تا کہ نئے سرینگر اور نئے جموں شہروں کی منصوبہ بند ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔
ایس اے سی نے کہا کہ جموں اور سرینگر شہروں میں پچھلی کئی دہائیوں کے دوران کافی توسیع دیکھنے کو ملی لہذا شہری بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کی اشد ضرورت ہے۔اس کے ساتھ ساتھ مستقبل کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کی طرف توجہ دینا بھی ضروری ہے۔ایس اے سی نے مزید کہا ہے کہ کوششوں کے باوجود بھی شہری ترقی اطمینان بخش رفتار سے آگے نہیں بڑھی ہے۔
اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ملک کی کافی ریاستوں نے اپنے اداراہجاتی ڈھانچے سے جڑے مسائل کو حل کرنے کی طرف خصوصی توجہ دی اور پونے، ممبئی، گڑگاؤں ، حیدر آباد اور کئی دیگر شہروں میں میٹرو پالیٹن ریجنل اتھارٹیاں قائم کی گئیں۔
ایس اے سی کی طرف سے منظور کئے گئے قانون کا مقصد یہ ہے کہ ان دو دارالخلافائی شہروں کے لئے میٹرو پالیٹن ریجنل ڈیولپمنٹ اتھارٹیوں کے ذریعے سے مربوط بنیادی ڈھانچہ قائم کیا جاسکے۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ مجوزہ فریم ورک بنیادی ڈھانچے کی منصوبہ بندی پر مبنی ہوگا اور اس میں بڑھتی آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے کی طر ف خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
بِل کی رُو سے جموں اور سرینگر شہروں کے لئے ایم آر ڈی اے قائم کی جائیں گی جو ان شہروں میں منصوبوں، پروجیکٹوں اور سکیموں کی موثر عمل آوری کو یقینی بنائے گی اور پبلک پرائیویٹ شراکت داری پر بھی عمل کرے گی۔
اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ان اتھارٹیوں کے پاس نئی ٹاؤن شِپ وجود میں لانے، بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے اور نئے میٹروز کو فروغ دینے کے اختیارات ہوں گے۔ایم آر ڈی اے وضع کئے گئے رہنما خطوط اور ماسٹر پلان کی بنیاد
پر ترقیاتی منصوبہ تیار کرے گا، ٹریفک سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کے لئے جامع منیجمنٹ پلان وجود میں لائے گا اور مجوزہ میٹرو پالیٹن خطوں کے لئے ماحولیات سے متعلق دیرپا نظامت کا منصوبہ بھی وجود میں لائے گا۔
اس موقعہ پر بتایاگیا کہ نئی میٹرو پالیٹن اتھارٹیوں کا کام کاج کسی بھی صورت میں میونسپل اور مقامی حکام پر اثر انداز نہیں ہو گا اور یہ دونوں ادارے الگ الگ خطوط پر کام کریں گے۔اگرچہ ایم آر ڈی اے شہری سطح کی خدمات کے لئے بنیادی ڈھانچے کو تقویت بخشے گا تا ہم مقامی حکام پانی، بجلی اور دیگر مقامی ضروریات کو پورا کریں گے۔
ان اتھارٹیوں کا حتمی مقصد یہ ہوگا کہ سرینگر اور جموں شہروں کی مستقبل کی ضروریات پورا کرنے کے ساتھ ساتھ یہاں کے لوگوں کو جدید طرز کی سہولیات دستیاب رکھی جائیں۔اس موقعہ پر مزید بتایا گیا کہ سرینگر اور جموں کو جدید تقاضوں پر استوار کرنے کے ضمن میں ایم آر ڈی کا قیام اپنی نوعیت کا پہلا قدم ہوگا۔