نیوز ڈیسک
نئی دہلی// مرکز نے منگل کو کہا کہ جموں و کشمیر میں رواں مالی سال کے دوران 1547.87 کروڑ روپے کی ریکارڈ سرمایہ کاری ہوئی، یہ کسی بھی پچھلے مالی سال کے مقابلے میں اب تک کی سب سے زیادہ ہے۔وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے لوک سبھا کو بتایا کہ جموں و کشمیر حکومت کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق گزشتہ پانچ سالوں اور رواں سال کے دوران 2017-18میں 840.55 کروڑ، 590.97 کروڑ 2018-19میں، 2019-20 میں296.64 کروڑ، 2020-21 میں 412.74 کروڑ ، 2021-22میں376.76 کروڑ کی سرمایہ کاری ہوئی۔ وزیر نے کہا کہ سال2022-23کے دوران، جنوری 2023 تک1520، کروڑ روپے کی ریکارڈ سرمایہ کاری ہوئی۔انہوں نے کہاکہ یونین ٹیریٹری کو مجموعی طور پر 1547.87 کروڑ روپے کی درخواستیں موصول ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ “موجودہ مالی سال کے دوران سرمایہ کاری پچھلے مالی سالوں کے مقابلے میں اب تک کی سب سے زیادہ ہے۔”انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو توقع ہے کہ اگلے پانچ سالوں میں مختلف اہم شعبوں جیسے مینوفیکچرنگ، سروس سیکٹر، ہیلتھ کیئر اور فارماسیوٹیکلز، ایگرو بیسڈ انڈسٹری، سیاحت (بشمول فلم اور میڈیکل ٹورازم) وغیرہ میں سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا”اس سلسلے میں، جموں و کشمیر کی حکومت کو پہلے ہی64,058 کروڑروپے کی سرمایہ کاری کی تجاویز موصول ہو چکی ہیں۔ مرکز نے 19فروری 2021کو مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی صنعتی ترقی کے لئے نئی مرکزی سیکٹر اسکیم کو متعارف کیا ہے،” ۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کی حکومت کی طرف سے متعدد پالیسی اقدامات اٹھائے گئے ہیں، جن میں جموں و کشمیر انڈسٹریل پالیسی 2021-30، جے اینڈ کے انڈسٹریل لینڈ الاٹمنٹ پالیسی-30 2021، جموں و کشمیر پرائیویٹ انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ پالیسی 2021-30، جموں و کشمیر وول پروسیسنگ اور ہنڈی کرافٹ پراسیسنگ اورہینڈلوم پالیسی 2020 شامل ہیں۔ انہوں نے کہا، “اس کے علاوہ، کاروبار کرنے میں آسانی، اقتصادی پیکیج، جموں اور سری نگر سے رات کی پروازوں کے آپریشن وغیرہ کے ذریعے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے کئی دیگر اقدامات کیے گئے ہیں۔”
دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد این ایچ آر سی میں 1,164مقدمات درج:مرکز
نئی دہلی//امور داخلہ کے وزیر مملکت نتیا نند رائے نے منگل کو لوک سبھا کو ایک تحریری جواب میں بتایا کہ جموں و کشمیر کے مرکز کے زیر انتظام علاقے سے متعلق کل 1,164 مقدمات قومی انسانی حقوق کے پاس درج کیے گئے ہیں۔ نتیا نند رائے نے نیشنل کانفرنس لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ حسنین مسعودی کے سوال کے تحریری جواب میں کہا، “جموں اور کشمیر تنظیم نو ایکٹ، 2019 کی وجہ سے، جموں اور کشمیر پروٹیکشن آف ہیومن رائٹس ایکٹ، 1997 کو منسوخ کر دیا گیا ہے، اور اسی طرح کے مرکزی ایکٹ کا اطلاق یعنی انسانی حقوق کے تحفظ کا ایکٹ 1993 نافذ ہو گیا ہے۔ اس کے مطابق، جموں و کشمیر میں سابقہ ریاستی انسانی حقوق کمیشن 23 اکتوبر 2019 کوختم ہو گیا تھا۔رائے نے ایوان زیریں کو بتایا “جموں و کشمیر کی تنظیم نو (مرکزی قوانین کی موافقت) آرڈر، 2020 کے مطابق، 18 مارچ 2020 کو مطلع کیا گیا، جموں اور کشمیر کے مرکز کے زیر انتظام علاقے کے معاملے میں انسانی حقوق سے متعلق کاموں کو قومی انسانی حقوق کمیشن کے ذریعے نپٹایا جائے گا۔ مذکورہ نوٹیفکیشن کی وجہ سے، جموں اور کشمیر کے مرکزی علاقے کے انسانی حقوق کے معاملات سے متعلق دائرہ اختیار NHRC کے پاس ہے،” ۔نتیا نند رائے نے مزید کہا کہ کمیشن کے پاس اس کے ختم ہونے کے وقت ان شکایات کی کل تعداد 765 تھی۔”قومی انسانی حقوق کمیشن ایک قانونی ادارہ ہے اور کمیشن کو اپنے کام کاج میں خود مختاری حاصل ہے۔ معلومات کے مطابق یکم اکتوبر 2019 سے دسمبر 2022 تک جموں و کشمیر سے متعلق کل 1164 کیس این ایچ آر سی کے پاس رجسٹر کیے گئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ان میں سے، کمیشن کے ذریعہ 111 پر غور اور بند کیا گیا ، 368 کو ہدایت کے ساتھ نمٹا دیا گیا ، 484 کو لیمنی میں برخاست کیا گیا ، ایک کیس میں معاوضے کی سفارش کی گئی اور 200 کیس کمیشن کے زیر غور ہیں۔