نیوز ڈیسک
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے جموں توی گالف کورس میں سرکاری سکولوں کے طلباء کیلئے گالف ٹریننگ اکیڈیمی کا اِفتتاح کیا۔ اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ اِس کھیل کو جامع اور عام لوگوں تک رَسائی کے قابل بنانے کی کوششیں کر رہی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اِنتظامیہ نے نوجوانوں او رطلباء میں گالف کو مقبول بنانے کے لئے کشمیر گالف کورس سرینگر میں پہلے ایک گالف اکیڈیمی قائم کی ہے اور اب ایک برس کے اَندر 100بچوں کا پہلی بیچ جموں توی گالف کورس میں اَپنی بنیادی تربیت شروع کر رہا ہے اور 15دِنوں کے بعد اِس ٹریننگ کامرحلہ دوم شروع ہوجائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں وکشمیر کھیلوں کی صلاحیتوں کا ایک پاور ہائوس ہے اور اِنتظامیہ کوچنگ کو آگے بڑھانے کے لئے مواقع اور وسائل دونوں فراہم کرنے کے لئے پُر عزم ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ وزیر اعظم نے اگست 2019 ء کے بعد ایک شہری دوست، جواب دہ اور ذمہ دار حکمرانی نظام قائم کرکے جموں و کشمیر میں کئی دہائیوں پرانے امتیازی سلوک کو ختم کیا ہے۔ ہم معاشرے کے ہر فرد کو مرکزی دھارے سے جڑے ہوئے محسوس کرنے کو یقینی بنانے کے لئے انتھک کوششیں کر رہے ہیں۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ گذشتہ ایک برس میں 11,000 سرکاری عہدوں پر تقرریاں کی گئی ہیں جہاں نوجوانوں بالخصوص عام غریب اور پسماندہ گھرانوں کی لڑکیوں کو میرٹ کی بنیاد پر سرکاری ملازمتیں دی گئی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ نیا حکمرانی نظام رشوت سے پاک، شفاف اور جامع ترقی پر یقین رکھتا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس برس تمام 20اَضلاع میں 221 کھیل میدان تعمیر کئے جائیں گے ۔ اِس کے علاوہ 157 سپورٹ کورٹس کی تعمیر اور اَپ گریڈیشن مکمل کی جائے گی۔