پی آئی بی
نئی دہلی// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ سشستر سیما بل (ایس ایس بی) نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت اور مشرقی خطے سے بائیں بازو کی انتہا پسندی کو ختم کرنے میں اپنی جانیں قربان کی ہیں۔ایس ایس بی کے 61 ویں یوم تاسیس کی تقریب پر بولتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایس ایس بی نے انتہائی مستعدی کیساتھ جموں کشمیر میں بھی اپنی ذمہ داریاں انجام دیں، جو ملی ٹینسی سے اثر انداز ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ایس ایس بی کی تعیناتی سے تمام سیکورٹی فورسز کو بڑا فروغ ملا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ایس ایس بی کے جوانوں نے مختلف کارروائیوں میں 19 سے زیادہ ملی ٹینٹوں کو ہلاک اور 14 کو گرفتار کیا۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایس ایس بی کے فرائض صرف سیکورٹی تک محدود نہیں ہیں بلکہ فورس نے مختلف امدادی کارروائیوں میں بھی حصہ لیا ہے اور آفات کے دوران پوری تیاری کے ساتھ لوگوں کی مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب ہو یا لینڈ سلائیڈنگ، ان جوانوں نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں کی ہیں اور ملک کے عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ، نشے سے پاک بھارت ابھیان کے تحت، ایس ایس بی نے بھی تقریباً 36000 نوجوانوں کو منشیات کی لعنت سے آگاہ کرنے میں بہت بڑا تعاون کیا ہے۔