عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر سٹارٹ اپ پالیسی 2024-27 کے تحت قائم کردہ اسکریننگ کمیٹی نے اپنا پہلا اجلاس جموں و کشمیر انٹر پرنیورشپ ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ ( جے کے ای ڈی آئی ) سیمپورہ پانپور میں منعقد کیا تا کہ یو ٹی کے اہل اسٹارٹ اپس کو سیڈ فنڈ کی امداد کیلئے درخواستوں کی جانچ اور تشخیص کی جائے ۔ اجلاس کی صدارت سیکرٹری انڈسٹریز اینڈ کامرس ڈیپارٹمنٹ اور ڈائریکٹر جے کے ای ڈی آئی خالد جہانگیر نے کی ، جو جموں و کشمیر میں اسٹارٹ اپ پالیسی کے نفاذ کیلئے نوڈل آفیسر اور کمیٹی کے چئیر پرسن بھی ہیں ۔ میٹنگ کے دوران کشمیر ڈویژن سے 61 اسٹارٹ اپس نے کمیٹی کے سامنے اپنی پروجیکٹ پیش کئے ۔ ممبران نے مارکیٹ تیاری ، مالی استحکام ، توسیع پذیری ، سرمایہ کاری کے حصول اور مسابقت کو بڑھانے جیسے مسائل پر فوری رائے دی ۔ سکریننگ کمیٹی جموں ڈویژن سے سیڈ فنڈنگ کیلئے درخواستوں کی چھان بین کیلئے دوبارہ جے کے ای ڈی آئی جموں کیپس میں میٹنگ کرے گی ۔ آپریشنل گائیڈ لانز کے مطابق اسکریننگ کمیٹی کی سفارشات اب اسٹارٹ اپ ٹاسک فورس کمیٹی کے سامنے پیش کی جائیں گی جس کی سربراہی کمشنر سیکرٹری انڈسٹریز اینڈ کامرس ڈپارٹمنٹ کر رہے ہیں ، جو سیڈ فنڈنگ کی منظوری کیلئے دو درجاتی عمل کا حصہ ہے ۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے کمیٹی کے چئیر پرسن خالد جہانگیر نے حکومت کے اس عزم کو دوہرایا کہ وہ جموں و کشمیر میں کاروباری صلاحیت اور جدت کیلئے ایک ساز گار ماحول پیدا کرے گی ۔ پالیسی کے حصے کے طور پر جے کے ای ڈی آئی نے اشتہارات جاری کئے تھے اور اس کے جواب میں 193 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں 122 درخواستیں پچھلے راؤنڈ سے شامل تھیں ۔ جے کے ای ڈی آئی کے سینٹر فار انوبیشن انکیو بیشن اینڈ بزنس ماڈلنگ ( سی آئی آئی بی ایم ) کے تفصیلی جائیزے کے بعد 101 درخواستوں کو مکمل طور پر درست پایا گیا اور انہیں اسکریننگ کمیٹی کے سامنے جائیزے کیلئے پیش کیا گیا ۔