سرینگر//انسداد رشوت ستانی بیورو نے جمعرات کو جموں کشمیر بینک کے سابق چیئر مین اور دیگر کے خلاف ممبئی کی ایک کمپنی کو قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹینڈر دیکر بینک کو 62956575روپے کا نقصان پہنچانے کی پاداش میں کیس درج کرلیا۔
ایک بیان میں انسداد رشوت ستانی بیورو نے کہا کہ اس سلسلے میں اُس وقت کے جے کے بینک ایگزیکٹیو پریزیڈنت سرجیت سنگھ سگھل،اُس وقت کے چیئر مین پرویز احمد،اُس وقت کے اسسٹنٹ وائس پریذیڈنٹ فیروز احمد کے علاوہ ممبئی کی کمپنی کے عہدیداروں ساحل وورا اور رشبھ وورا و دیگران کیخلاف ایف آئی درج کیا گیا ہے۔
یہ کیس ٹینڈروں کے خلاف قانون الاٹ کرنے سے متعلق ہے ۔
اس سے قبل بیورو نے مکمل ویری فکیشن انجام دی جس میں اس بات کا انکشاف ہوا کہ سال2015میں جموں کشمیر بینک میں ٹینڈروں کی الاٹمنٹ کے سلسلے میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرکے بینک کو بھاری مالی نقصان سے دوچار کیا گیا ہے۔
رشوت ستانی بیورو کے مطابق اُنہوں نے 17ستمبر 2020کے روز کیس کے سلسلے میں فیروز احمد کلو،اسسٹنٹ وائس پریذیڈنٹ جے کے بینک کے گھر واقع محلہ ممہ خان، کاٹھی دروازہ، سرینگر میں چھاپہ مار کر تلاشی لی جس کے دوران قابل اعتراض دستاویزات بر آمد کی گئیں۔
بیورو بیان کے مطابق کیس کی تحقیقات جاری ہے۔