عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او امیتاوا چٹرجی نے ہفتہ کویوٹی انتظامیہ کو 122.85کروڑ روپئے اور 7.92 کروڑ روپے کے دو ڈیویڈنڈ چیک پیش کئے۔ڈیویڈنڈ چیک راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو چیف سکریٹری اتل ڈلواور پرنسپل سکریٹری مالیات سنتوش دی ویدیا کی موجودگی میںسونپے گئے۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری اور جے اینڈ کے بینک کے کمپنی سکریٹری محمد شفیع میر موجود تھے۔بینک کی 87ویں سالانہ جنرل میٹنگ (AGM)میں 215فیصدڈیویڈنڈ کی منظوری کے بعد ہوا، بینک کی مالی طاقت اور خطے کی اقتصادی ترقی میں اس کے اہم کردار دونوں کی نشاندہی کرتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں کشمیر بینک کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی اور بینک پر زور دیا کہ وہ خاطر خواہ اور پائیدار ترقی کو جاری رکھے اور لوگوں کی بہترین خدمت کرے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جے اینڈ کے بینک کو لوگوں کو جوڑ کر مالی شمولیت پر اپنی توجہ جاری رکھنی چاہیے اور اسے مینوفیکچرنگ اور خدمات کے لیے چھوٹے اور مائیکرو انٹرپرائزز کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جے اینڈ کے بینک نے 2019 کے بعد مکمل تبدیلی دیکھی ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او جے اینڈ کے بینک امیتاوا چٹرجی نے بینک کی کارکردگی اور آگے کے روڈ میپ کا خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے بہترین بینکنگ خدمات پیش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔