سرینگر//جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کی پبلک انڈر ٹیکنگنز کمیٹی کا اجلاس یہاں رُکنِ اسمبلی ست پال شرما کی صدارت میں جموں کشمیر بنک لمٹیڈ کے آڈٹ پیرا پر غور و خوض کیلئے منعقد ہوا ۔ کمیٹی نے جموں کشمیر بنک کے محکمہ خزانہ سے متعلق سی اے جی آڈٹ پیرا رپورٹ جس میں قرضہ جات کی شق آور وصولیابی ، قرضہ جات کی فراہمی سے قبل لازمی جانچ پڑتال میں برتی گئی کوتاہی وغیرہ شامل ہے کا جائیزہ لیا ۔ قانون ساز محمد خلیل بند ، عبدالمجید لارمی ، راجیش گپتا ، راجیو شرما ، راجہ منظور احمد ، وکرم، رندھاوا نے میٹنگ میں شرکت کی اور جموں کشمیر بنک کے کام کاج سے متعلق آراء پیش کی ۔ چئیر مین جموں کشمیر بنک پرویز احمد نے کمیٹی کو سی اے جی رپورٹوں پر جموں کشمیر بنک کی جانب سے کی گئی کارروائی کے بارے میں اجلاس کو تفصیل دی ۔ انہوں نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ جموں کشمیر بنک سے متعلق آڈٹ پیراؤں کو بروقت نمٹانے کیلئے تمام قدم اٹھائے جائیں گے ۔ کمیٹی نے بنک کے چئیر مین کو اگلی میٹنگ میں تمام تفاصیل بشمول جموں کشمیر بنک سے متعلق آڈٹ پیرا کا التوا میں پڑے جواب سمیت پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ ایگزیکٹو پرذیڈنٹ جموں کشمیر بنک واگیش چندر ، پرذیڈنٹ جے کے بنک پی کے تکو ، ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ محمد شاہد سلیم ، ڈپٹی سیکرٹری قانون ساز اسمبلی غلام محی الدین بٹ کے علاوہ متعلقہ محکموں اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے دیگر سینئر افسران اجلاس میں موجود تھے ۔