سرینگر//خواتین کے عالمی دن کے موقع پر جموں و کشمیر بینک کے کارپوریٹ آفس آڈیٹوریم میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں کارپوریٹ آفس میں تعینات تمام خواتین ملازمین کے علاوہ خواتین برانچ منیجروں نے شر کت کی ۔ بینک کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر راجیش کمار چھبر نے اس تقریب کی صدارت کی جبکہ بینک کی اعلیٰ انتظامیہ بھی شاملِ تقریب تھی ۔ پریذیڈنٹ رجنی صراف نے خطبہ استقبالیہ دیا اور اس دن کی ناسبت سے رواں برس تھیم پر روشنی ڈالی۔بینک کے سرپرست اعلیٰ نے خواتین ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک عورت فطرتاً ایک اچھی منیجر ہے اور وہ نہ صرف اپنے گھروں کو بہتر طور سنبھال رہی ہیں بلکہ آفس، کاروبار اور زندگی کے مختلف شعبوں کو بھی بہتر طور سنبھالنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ جموں و کشمیر بینک بھی خواتین کو برابری کا مواقع فراہم کر رہا ہے اور اس بینک کی عورتوں نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ بینک کے کسی بھی شعبے کو بہتر سنبھال سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بینک عورتوں کو خود کفیل بنانے میں پُر عزم ہے اور زندگی کے ہر پہلو میں عورت ایک قابلِ قدر کردار ادا کرہی ہے ۔انہوں نے خواتین ملازمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ’’ مجھے خوشی ہے کہ بینک کے کاروبار میں وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکراپنا بھر پور رول ادا کریں‘‘۔کووڈ19کے دوران ’’خواتین کے قائدانہ رول‘‘ کے موضوع سے بینک کی چیف فائنانشل آفیسر اور پریزیڈنٹ رجنی صراف نے اپنے خطبے میں کہا کہ عورتوں نے اپنے کنبوں ،سماج اور اداروں کو سنوارنے میں ایک غیر معمولی کردار ادا کیا ہے جنہیں ہم سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا’’ مجھے فخر ہے کہ میں جموں و کشمیر بینک فیملی کا حصہ ہوں جہاں ملازمین کا لگ بھگ25فیصد حصہ خواتین کا ہے جو مختلف عہدوں پر قابل سراہنا کردار ادا کر رہی ہیں اور یہ بینک ہمیشہ کی طرح خواتین کی فلاح و بہبود میں یقین رکھتا ہے اور اُنکی قابلیت پر ناز کرتا ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا’’ آج کی تقریب پربینک سرپرست کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں عورتوں کے جذبات کو قدر حاصل ہے‘‘۔وائس پریزیڈنٹ تبسم نظیر نے کہا کہ بینک میں کام کررہی چھوٹی لڑکیوں کے اعتماد اور صلاحیت کو دیکھتے ہوئے مجھے فخر محسوس ہو رہا ہے۔ وائس پریزیڈنٹ منجو گُپتا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ کو وڈ حالات میں جے کے بینک خواتین ملازمین نے جس جرات مندی سے کام کیا وہ قابل سراہنا ہے۔ کئی خواتین نے اپنے ہنر کا مظاہرہ کیا اور چند خواتین ملازمین نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔ دریں اثناء جموں کے زونل آفس ریل ہیڈ کمپلیکس میں بھی خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت زونل ہیڈ شریش شرما نے کی۔