سرینگر/سپریم کورٹ نے سوموار کو اُس درخواست کو مسترد کردیا جسے جموں کشمیر کی اسمبلی تحلیل کئے جانے کے گورنر ستیہ پال ملک کے فیصلے کیخلاف پیش کیا گیا تھا۔
خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق سپریم کورٹ کے ایک بینچ نے درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا''ہم جموں کشمیر کے گورنر کے فیصلے میں مداخلت نہیں کرسکتے ہیں''۔
سپریم کورٹ میں گورنر کے فیصلے کیخلاف سابق بھاجپا ایم ایل اے گگن بھگت نے ایک درخواست پیش کی تھی جس میں گورنر کے اسمبلی تحلیل کئے جانے کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔
جموں کشمیر کی اسمبلی کو گورنر ملک نے21نومبر کو تحلیل کرکے نئے انتخابات کی راہ ہموار کی تھی۔
اس سے قبل پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی اور پیپلز کانفرنس کے چیئر مین سجاد لون نے حکومت بنانے کے الگ الگ دعویٰ پیش کئے تھے۔
محبوبہ کو نیشنل کانفرنس اور کانگریس جبکہ لون کو بھاجپا کی حمایت حاصل تھی۔ اس کے علاوہ لون نے دعویٰ کیا تھا کہ اُسے مزید18 ممبران کی بھی حمایت حاصل ہے۔
جموں کشمیر پر 19جون سے گورنر راج نافذ ہے جب بھاجپا نے محبوبہ کی سربراہی والی حکومت سے حمایت واپس لے لیکر مخلوط سرکار کا خاتمہ کیا۔