کپوارہ//جموں کشمیرمیں حالات اب ٹھیک ہیں اور یہاں تعمیر وترقی کانیا دور شروع ہواہے۔اس بات کااظہار دیہی ترقی اور اسٹیل کے مرکزی وزیرمملکت فاگن سنگھ نے لولاب میں کئی ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے دوران کیا۔انہوں نے واوورہ لولاب میں بلاک ڈیولمپنٹ دفتر کاسنگ بنیاد رکھا۔فاگن سنگھ نے کلی گام میں معروف عالم دین علامہ انورشاہ کشمیری کے نام سے منسوب 97لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے جانے والے اسٹیڈیم کا سنگ بنیادرکھا۔مرکزی وزیر مملکت دیہی ترقی واسٹیل نے پندرہ ٹھوس فضلہ ٹھکانے لگانے کے پلانٹوں کا ای افتتاح کیا۔اس موقعہ پر مرکزی وزیر نے کہا کہ مرکزی سرکار جموں کشمیرکی مجموعی ترقی کیلئے کام کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت جموں کشمیرمیں کھیل کود کے علاوہ دیگرتعمیر وترقی کے کاموں کی طرف بھرپور توجہ دے رہی ہیں اورجموں کشمیرکے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے کام کیا جارہا ہے۔فاگن نے کہا کہ مرکزی حکومت شہری اوردیہی علاقوں کی ترقی کیلئے پرعزم ہے اور کپوارہ میں اس حوالے سے زمینی سطح پراچھے نتائج برآمدہوئے ہیں۔انہوں نے مزیدکہا کہ مرکزی حکومت دوردرازعلاقوں کے لوگوں کے بنیادی مسائل جن میں بجلی،پانی،سڑکیں اوردیگر ضروریات شامل ہیں،کوحل کرنے کی بھرپور کوششیں کررہی ہیں اوراس پر کام جاری ہے۔ مرکزی وزیر نے کپوارہ میں ہورہی ترقیاتی کامو ں کا بھی جائزہ لیا اور اس سلسلہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ نے انہیں ترقیاتی کامو ں کا خاکہ پیش کیا ۔