سرینگر//جموں کشمیر سٹیٹ کواپرائٹو بنک نے مالی سال2017-18میں سب سے بہترین نتائج حاصل کئے ہیں۔ بنک کا کل کاروبار مالی بحران اور کاروبار میں گراوٹ کے باوجود1100کروڑ تک پہنچ چکا ہے۔جمع آمدنی میں7فیصد اضافے کے علاوہ پیشگی میں بھی30فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا۔بنک نے دعویٰ کیا ہے کہ مالی سال2017-18کے دوران قریب110کروڑ روپے کا قرضہ بھی فراہم کیاجبکہ جمع آمدنی کے معیار کو بھی بہتر کیا۔بنک کے’’ سی ائے ایس ائے‘‘ نے بھی43فیصد عبور کیا ہے،جبکہ پرچون بچت سے ادارہ جاتی بچت شرح میں بھی بہتری آئی ہے۔بنک کا کہنا ہے کہ مالی سال2017-18کے دوران کلیدی حصولیابی مجموعی نفع میں دیکھنے کو ملی ہے۔جو کہ سال در سال بنیادوں پر قریب صد فیصد ہے۔بنک نے غیر فعال کھاتوں کو بھی کم کیا جو کہ2.4فیصد تک پہنچ چکے ہیں۔جموں کشمیر سٹیٹ کاپرائٹو بنک کے چیئرمین ایم ایس ڈار نے ان نتائج کو منتظمین کے تصور کی ترقی قرار دیا۔ڈار نے کہا کہ بنک نے مزید5شاخیں اور7 ائے ٹی ایم بھی قائم کئے ۔بنک کے منیجنگ ڈائریکٹر ایم لطیف نے مالی سال 2017-18کو کاروباریوں کیلئے مشکل سال قرار دیتے ہوئے کہا کہ امن و قانون کی صورتحال تجارت اور کاروبار کیلئے موفق نہیں تھی۔