جموں//جموں شہرکے وسط میں واقع کنک منڈی میں گذشتہ کئی دہائیوں سے رہائش پذیرایک مسلم کنبے نے الزام لگایاہے کہ ایک تاجر اس کی جائیداد ہڑپنے کیلئے کوشاں ہیں اوراسے مکان چھوڑکرجانے کی کی دھمکیاں دے رہاہے جس سے متعلق پولیس کے پاس شکایت بھی درج کرائی گئی لیکن اس کے باوجود تاحال کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔کنک منڈی کے ہائوس نمبر 237 میں رہائش پذیر مسلم گھرانے کے افرادنے الزام لگایاہے کہ اسے ایک مقامی تاجر جوان کے پڑوس میں رہتاہے جو اکثرانہیں پریشان کرتاہے اورانہیں مکان چھوڑکر بھاگنے کی دھمکی دے رہاہے۔ کشمیرعظمیٰ کوتفصیلات بتاتے ہوئے نمی چودھری دخترمرحوم مولابخش نے بتایاکہ میرے والد چوہدری مولابخش 1947 میں جموں چھوڑکرنہیں گئے اورہماری یہاں پرکافی جائیداد تھی۔انہوں نے کہاکہ ہماری جائیداد پرایک مقامی دکانداراروندکمارڈوگرہ اوراس کی ماں ڈالی ڈوگرہ کی نظرتھی اورو ہ جائیداد ہتھیانے کیلئے مختلف حیلے بہانے بناکرہراساں کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ چندماہ پہلے ڈالی ڈوگرہ اوراس کے بیٹے اروندکمارڈوگرہ نے ان کے مکان کی دیوارتوڑدی تھی اوراب چندروزپہلے رات کے وقت ہمارے گھرمیں گھس کر بیہودہ زبان کااستعمال کرتے ہوئے یہاں سے مکان چھوڑکر بھاگ جانے کی دھمکی دی۔ انہوں نے کہاکہ ڈالی ڈوگرہ اوراس کابیٹااکثرہمیں پریشان کرتاہے ۔انہوں نے کہاکہ کنک منڈی کے اندرونی محلہ جہاں صرف رہائشی مکانات بنا ئے گئے ہیں، پر کاروبارکے غرض سے ڈالی ڈوگرہ اوراس کے بیٹے اروندکمارڈوگرہ عرف لکی نے ہماری دیوارتوڑکراسی پر تین چارمنزلہ کمرشل عمارت تعمیرکی ہے ۔نمی چوہدری نے کہاکہ اس عمارت کاکوئی بھی نقشہ میونسپلٹی سے پاس نہیں کرایاگیا۔ انہوں نے کہاکہ دھمکیوں کے بارے میں تحریری شکایت ریاستی نائب وزیراعلیٰ نرمل سنگھ ،ایس ایس پی جموں، ایس ایچ اوسٹی تھانہ اور کمشنرمیونسپل کارپوریشن کوکی گئی ہے لیکن ابھی تک پولیس نے کوئی بھی کارروائی عمل میں نہیں لائی ۔انہوں نے مانگ کی کہ ان کی دیوار پرغیرقانونی طورپربنائی جارہی عمارت کے کام کوروکاچاہیے اور بیہودہ زبان کااستعمال کرنے اور مکان چھوڑکر جانے کی دھمکی دینے والے تاجر کے خلاف ایف آئی آردرج کرکے انہیںتحفظ فراہم کیاجائے۔اس سلسلے میں جب ایس ایچ او سٹی تھانہ جموں سنیل کمار سے بات کی گئی توانہوں نے بتایاکہ انہیںنمی چودھری کی طرف سے تحریری شکایت موصول ہوئی ہے جس پرکارروائی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اتوارکی وجہ سے ابھی ایف آئی آردرج نہیں ہوسکی لیکن سوموارکے روز ایف آئی آردرج کرلی جائے گی۔