عظمیٰ نیوزسروس
جموں//چیف سیکرٹری اَتل ڈلو نے سدھرا جموں میں دریائے توی کے کنارے واٹر تھیم پارک کے قیام کے لئے مختلف طریقوں اور ذرائع کی مناسبت پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ کے شروعات میں چیف سیکرٹری نے دریائے توی کے کنارے سدھراگالف کورس کے آس پاس محکمہ کی طرف سے نشاندہی کی گئی اَراضی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے محکمہ ہاؤسنگ کو ہدایت دی کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائے کہ اَراضی ہر قسم کی رُکاوٹوں سے مبرا ہو بالخصوص محکمہ جنگلات سے این او سی حاصل کی گئی ہو۔اُنہوں نے جموں ڈیولپمنٹ اَتھارٹی کو مشورہ دیا کہ وہ اِس قیمتی اَراضی کو پروجیکٹ میں اَپنی ایکویٹی کے طور پر اِستعمال کریں تاکہ یہ اَتھارٹی کے لئے باقاعدہ آمدنی کا ذریعہ بن سکے۔ اُنہوں نے اُن سے کہا کہ وہ وضع کردہ منصوبے کے مطابق پی پی پی موڈ میں اِس سائٹ پر تھیمیٹک واٹر امیوزمنٹ پارک بنانے کے لئے اِی او آئی کو مدعو کریں۔اَتل ڈولو نے اِس معاملے کو جموں ڈیولپمنٹ اَٹھارٹی کے متعلقہ بورڈ آف ڈائریکٹرزکے پاس لے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ اسے آگے کے لائحہ عمل کے بارے میں فیصلہ کرنے کا اِختیار حاصل ہو۔اُنہوں نے کہا کہ یہ پارک جموں میں سیاحوں کے لئے پُرکشش مقامات کے ساتھ ساتھ توی لیک فرنٹ ، زولوجیکل پارک اور یہاں بنائی گئی دیگر سہولیات میں ایک نیا اِضافہ ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ بہتر اِنفراسٹرکچر کی تخلیق سے اِس طرح کی تفر یحی مقامات سے جموں کو اپنے آپ میں ایک سیاحتی مقام بنانے کے علاوہ یہاں سیاحوں کی آمد میں اِضافہ ہوگا۔کمشنر سیکرٹری محکمہ مکانات و شہری ترقی مندیپ کور نے تفصیلات پیش کرتے ہوئے میٹنگ کو جانکاری دی کہ اِس واٹر پارک کی ترقی کے لئے جے ڈی اے نے دریائے توی کے کنارے گاؤں دوارہ (سدھرا علاقہ گالف کورس سے متصل) میں 92 کنال اور 3 مرلہ اَراضی کے ایک حصے کی نشاندہی کی ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ مجوزہ سائٹ قومی شاہراہ سے تقریباً 4 کلومیٹر دور ہے اور اِس منصوبے کے لئے موزوں ہے۔ میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ ماسٹر پلان 2032ء کے مطابق ’’زمین کے اِستعمال‘‘ کی حیثیت ’’ تفریحی اِستعمال‘‘ہے اور زمین کی قیمت کا تخمینہ 129.36کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔میٹنگ میںیہ بھی بتایا گیا کہ پہلے جاری کردہ اِی او آئی کے جواب میں ایک پیشکش موصول ہوئی تھی جو آر ایف پی کی تشکیل کے لئے ٹرانزیکشن ایڈوائزر کی تقرری کے لئے زیر غور ہے۔میٹنگ میںیہ اِنکشاف کیا گیا کہ اِبتدائی اندازوں کے مطابق یہ پارک سالانہ تقریباً 20لاکھ سیاحوں کو اَپنی طرف راغب کرے گا۔