ہندوارہ //عوامی اتحاد پارٹی نے جموں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے عہدیداروں کی طرف سے روہانگی مسلمانوں کو قتل کئے جانے کی دھمکیوں کے خلاف پولیس کے پاس باضابطہ شکایت درج کرتے ہوئے متعلقہ عہدیداروں کے خلاف فوری طور کیس درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ پارٹی ترجمان انعام النبی نے پولیس اسٹیشن راجباغ جاکر JCCIکے عہدیداروں بشمول اُس کے صدر راکیش گپتا کی فوری گرفتاری اور اُن کے خلاف کیس درج کرنے کیلئے درخواست دی ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ JCCIکی دھمکی نہ صرف ناقابل قبول ہے بلکہ جموں خطہ میں فرقہ ورانہ کشیدگی کو بڑھاوا دینے کی دانستہ چال ہے ۔دریں اثنا ء پارٹی سربراہ انجینئر رشید نے ہندوارہ میں مختلف عوامی میٹنگوں کے دوران الزام لگایا کہ اب یہ بات کھل کے سامنے آ چکی ہے کہ ریاست میں کوئی سرکار نہیں بلکہ فرقہ پرست طاقتیں اپنا من پسند ایجنڈا چلا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا ’’ریاستی سرکار کو چاہئے کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے جموں میں مقیم روہنگی پناہ گذینوں کے تحفظ کو تب تک یقینی بنائے جب تک نہ ان کے اپنے ملک میں حالات سازگار ہوجائیں گے۔