سرینگر//پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی جمعرات کو جموں پہنچی جہاں ائر پورٹ کے باہراُن کیخلاف دائیں بازو کی کئی تنظیموں سے احتجاجی مظاہرے کئے۔
جونہی محبوبہ ائر پورٹ سے باہر آئیں تو راشٹریہ بجرنگ دل اور شیو سینا کے کارکنوں نے اُن کیخلاف کالے جھنڈے لہرا کراحتجاجی مظاہرے کئے۔تاہم پولیس کی ایک بھاری جمعیت نے محبوبہ کو بحفاظت ائر پورٹ سے باہر نکالا۔
راشٹریہ بجرنگ دل کے صدر راکیش شرما ،جو ستواری میں مظاہرین کی قیادت کررہے تھے، نے کہا” ہم محبوبہ مفتی کے جموں پہنچنے پر اُن کیخلاف احتجاج کررہے ہیں۔یہ شہیدوں کی سر زمین ہے اس لئے ہم اُنہیں اس سر زمین پر قدم نہیں رکھنے دیں گے۔جموں میں گپکار ایجنڈا کو پنپنے نہیں دیا جائے گا۔ہم جموں کے اُن لیڈروں کی بھی مخالفت کریں گے جو گپکاراعلامیہ کا حصہ بنیں گے“۔
شرما کا مزید کہنا تھا”جموں قوم پرستوں کی سر زمین ہے، جو ترنگے کو نہیں مانتے ہم اُن کو یہاں آنے کی اجازت نہیں دیں گے“۔
پی ڈی پی ذرائع کے مطابق محبوبہ جموں میں پارٹی لیڈران کے ساتھ میٹنگ کرنے والی ہیں۔