حسین محتشم
پونچھ//ایس ایس پی ٹریفک رورل جموں جی ایل شرما کی ہدایات پر ٹریفک پولیس نے جموں پونچھ قومی شاہراہ پر اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔اس دوران ڈی ایس پی ٹریفک راجوری/پونچھ رینج شیو کمار نے افسران اور اہلکاران کے ہمراہ سلانی پل کے قریب ایک ناکہ لگاکر وہاں سے گزرنے والی تمام گاڑیوں کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی۔اس دوران ڈی وائی ایس پی شیو کمار نے کئی مسافر گاڑیوں میں داخل ہوکر مسافروں سے گاڑی کی رفتار اور اوورلوڈنگ کے متعلق دریافت کیا۔ انہوں نے مسافروں سے گاڑی چلانے کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور ڈرائیوروں کے رویے کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔انہوں نے ڈرائیوروں کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی م پاسداری کریں۔ انہوں نے خاص طور پر تیز رفتاری اور گاڑیوں میں گنجائش سے زیادہ مسافر بٹھانے (اوورلوڈنگ) سے سختی سے منع کیا۔ انہوں نے ڈرائیوروں کو خبردار کیا کہ اگر کسی نے بھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔بعد از آں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سڑک حفاظت ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں پونچھ قومی شاہراہ پر ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے اور حادثات کی شرح کو کم کرنے کے لئے اس طرح کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے عام لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ٹریفک پولیس کی کارروائی پر مسافروں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی چیکنگ سے نہ صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر لگام لگے گی بلکہ سڑکوں پر حفاظت کا احساس بھی بڑھے گا۔