جموں //جموں پولیس نے اہلیان جموں سے کہا ہے کہ وہ جرائم کی روکتھام کیلئے اپنے اپنے محلوں ،علاقوں ،کالینیوں،دکانات ،مکانات اور اہم سڑکوں پر ’سی سی ٹی وی ‘ کیمرے نصب کریں ۔جموں پولیس نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی حفاظت اور جرائم کی روکتھام کیلئے متحرک ہوجائیں اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں ۔ایس پی ( ساوتھ )جموں سندیپ چودھری نے میڈیا میں آئی رپورٹ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کرایہ داروں اور گھریلوملازموں کی مکمل تفصیل نزدیکی پولیس تھانوں میں جمع کرائیں ۔ ان کا کہناتھا کہ ’ہم نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے محلوں ،علاقوں ،کالینیوں ،دکانات ،مکانات اور اہم سڑکوں پر ’سی سی ٹی وی ‘ کیمرے نصب کریں،کیو نکہ اس سے جرائم کی روکتھام میں مدد ملے گی ‘۔ان کا کہناتھا کہ چوری کے واقعات میں سی سی ٹی وی کیمرے تحقیقات کے آلات ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر لوگ چھٹی پر باہر جاتے ہیں ،تو اُنہیں پولیس کو مطلع کرنا چاہئے کیو نکہ اس سے چوری کے واقعات کو روکنے میں آسانی ہوگی ،کیونکہ بیشتر چوریاں اہلخانہ کی عدم موجودگی میں ہی ہوتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شادیوں کے سیزن میں یہ اقدامات اٹھاناانتہائی ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو خاص چیزیں بینک لاکروں میں رکھنی چاہئے نہ گھروں میں رکھنی چاہئے ۔