عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کے روز کہا کہ نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی)معاشرے کے روشن مستقبل کا اسکرپٹ بنا رہی ہے اور وہ ایک نئی تاریخ رقم کرنے کے لیے زبردست چیلنجوں پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہے اور مجھے پختہ یقین ہے کہ کیڈٹس کی لامحدود صلاحیتوں، ان کی حرکیات، توانائی اور اقدار کے ساتھ، ہم مضبوط چیلنجوں پر قابو پا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے مکمل انضمام کے بعد ریاستوں کیساتھ تعلقات بہترہوئے۔لیفٹیننٹ گورنر نے بدھ کو جے اے کے ایل آئی رجمنٹل سنٹر، رنگریٹھ میں خصوصی قومی یکجہتی کیمپ میں ان کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ خطاب کرتے ہوئے، لیفٹیننٹ گورنر نے کیڈٹس کو قوم کی تعمیر اور نوجوانوں میں بے لوث خدمات کے لیے قائدانہ معیار، کردار اور اقدار کو فروغ دینے کے اس کے طویل اور شاندار سفر پر مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ”75 سال نیشنل کیڈٹ کور کے لیے کامیابیوں کی ایک ناقابل یقین میراث ہے، ایک مضبوط نوجوان تنظیم کا خواب، جسے ملک نے 1948 میں اس تنظیم کی بنیاد کے دوران دیکھا تھا، نسلوں کو متاثر کرتا رہتا ہے اور یہ پورے سماج کے لیے طاقت کا ذریعہ ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے حصہ لینے والے کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ نئے اور پرجوش جموں کشمیر کے سفیر بنیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں کیمپوں اور بے لوث خدمات کے ذریعے این سی سی نے دنیا کو دکھایا ہے کہ تنوع معاشرے کی طاقت کا ذریعہ ہے۔”آج ہمارے نوجوان ہندوستان کی تبدیلی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں جو ایک عالمی اقتصادی طاقت کے طور پر ابھر رہا ہے۔ ہمارے نوجوان تیزی سے قوم کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کو ذہن نشین کر رہے ہیں اور مثالی ہمت اور عزم کے ساتھ سماجی مساوات کو مضبوط کر رہے ہیں”۔لیفٹیننٹ گورنر نے این سی سی ڈائریکٹوریٹ، جموں کشمیر اور لداخ کو خصوصی قومی یکجہتی کیمپ کے انعقاد کے لیے سراہا تاکہ تنوع میں اتحاد، بھائی چارے کے جذبے کو فروغ دیا جا سکے۔ این سی سی ڈائریکٹوریٹ، جموں کشمیر اور لداخ کے زیر اہتمام کیمپ میں پورے ہندوستان سے 200 کیڈٹس حصہ لے رہے ہیں۔