عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نائب وزیرا علیٰ سریندر کمار چودھری نے موجودہ حکومت کی طرف سے شروع کئے گئے عوام دوست اَقدامات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جموںوکشمیر کی تبدیلی کو یقینی بنانے کے لئے اَقدامات جاری ہیں۔اِن باتوں کا اِظہار نائب وزیر اعلیٰ نے گلستان نیوز نیٹ ورک کے زیر اہتمام منعقدہ کانفرنس ’’بدلتا جموں و کشمیر‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانکلیومیں وزیر برائے صحت و تعلیم سکینہ ایتو، وزیر زراعت و باغبانی جاویداحمد ڈار،وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین ستیش شرما، قانون ساز، ڈی ڈی سی ممبران، دانشور، ماہرین تعلیم، میڈیا اَفراد اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوںنے شرکت کی۔نائب وزیر اعلی نے کہا کہ جب سے موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا ہے جموں و کشمیر کو ہندوستان کے سب سے ترقی یافتہ حصے کے طور پر یقینی بنانے کے لئے کئی اَقدامات اُٹھائے ہیں۔ اُنہوں نے کہا، ’’یہ فلیگ شپ پروگرام اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ سماجی، اِقتصادی اور ترقیاتی اَقدامات کو تقویت ملے اور لوگ مستفید ہوں۔‘‘اُنہوںنے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کے لئے پُرعزم ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ دونوں پہلے ہی ریاست کا درجہ بحال کرنے کا وعدہ کر چکے ہیں اور ہم اس وعدے کو پورا کرنے کے منتظر ہیں۔سریندر کمار چودھری نے کان کنی کے کاموں کو بہتر بنانے کے لئے اُٹھائے گئے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ معدنیات کی غیر قانونی کھدائی کو روکنے کے لئے سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا گیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں کے دوران خطے کے ماحولیات کے تحفظ کے لئے طریقہ کار بھی وضع کیا گیا ہے۔نائب وزیراعلیٰ نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت مقامی صنعتی بحالی کے لئے ضروری اقدامات کرے گی۔ ہم مقامی صنعتی شعبے کی بحالی اور حوصلہ افزائی کے لئے پُرعزم ہیں تاکہ خطے کی معیشت کو مطلوبہ معیار حاصل ہو سکے۔ اُنہوں نے زور دے کر کہا کہ اس سے ہمارے ہنر مند اور غیر ہنر مند نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کو یقینی بنانے میں بھی بہت مدد ملے گی۔اُنہوں نے دیہی اور دُور افتادہ علاقوں میں رابطے بڑھانے کا ذِکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پیر پنچال روڈ نیٹ ورک کو چار گلیاروں والی سڑکوں کی فراہمی کے لئے سرگرم عمل ہے تاکہ سفر کا وقت کم ہو اور لوگوں کو فائدہ پہنچے۔