جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی میں خواتین کا کردار اہم : بھٹناگر کشمیر ہاٹ میں وومنز ڈیولپمنٹ کارپورکی 7 روزہ نمائش کا افتتاح کیا

سرینگر // لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے کشمیر ہاٹ میں جموں و کشمیر وومنز ڈیولپمنٹ کارپوریشن ( جے کے ڈبلیو ڈی سی ) کی سات روزہ نمائش کا افتتاح کیا ۔ اس سات روزہ نمائش کا انعقاد جے کے ڈبلیو ڈی سی نے کارپوریشن کے قرض سے فائدہ اٹھانے والوں اور سیلف ہیلپ گروپس ( ایس ایچ جیز ) کے درمیان باہمی تعامل کیلئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے کے مقصد سے کیا ہے ۔ یہ نمائش استفادہ کنندگان کو خریدار ، بیچنے والے میٹنگ کے انعقاد کیلئے ایک پلیٹ فارم بھی فراہم کرتی ہے تا کہ ممکنہ بازاروں کو حاصل کیا جا سکے ، خواتین کاروباریوں ، ایس ایچ جیز کے ممبران ، استفادہ کنندگان کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے کہا کہ خواتین جاری ترقی میں اہم شراکتدار ہیں ۔

 

لفٹینٹ گورنر منوج سنہا کی قیادت میں خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے مختلف اسکیموں کے تعارف کے ساتھ جموں و کشمیر کی خواتین کو اولین اہمیت دی گئی ہے ۔ انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کی معاشی آزادی کو فروغ دینے کیلئے حکومت کی غیر متزلزل عزم پر زور دیا ۔ مشیر نے خواتین کاروباریوں کی محنت ، لگن اور خود انحصاری کے عزم کو سراہا تا کہ وہ معاشرے میں باعزت زندگی گذار سکیں ۔

 

انہوں نے جموں و کشمیر کی خواتین پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور جے کے ڈبلیو ڈی سی کی طرف سے سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے نافذ کی جا رہی اسکیموں سے فائدہ اٹھائیں ۔ اس موقع پر مشیر بٹھناگر نے بھی جے کے ڈبلیو ڈی سی کے کام کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ کارپوریشن ہر خواتین کو سماجی و اقتصادی طور پر بااختیار بنانے کے دائرے میں لانے کیلئے زیادہ سے زیادہ کوششیں کرے گی ۔ انہوں نے جے کے ڈبلیو ڈی سی کی خواتین کی زیر قیادت کاروباری اداروں کی ترقی میں انتھک کوششوں کی تعریف کی اور زائرین کو نمائش کو دیکھنے اور شرکت کرنے والے کاروباریوں کی مدد کرنے کی ترغیب دی ۔

 

منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ڈبلیو ڈی سی الفت جبین نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے جے کے ڈبلیو ڈی سی کے قرض سے فائدہ اٹھانے والوں کو مارکیٹ میں مدد فراہم کرنے میں نمائشوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ بعد میں مشیر بٹھناگر نے استفادہ کنندگان اور ایس ایچ جیز کے اراکین کے ذریعہ قائم کردہ مختلف اسٹالز کا دورہ کیا ۔ انہوں نے نمائش میں حصہ لینے والے تقریباً تمام اضلاع سے تقریباً 50 قرض سے فائدہ اٹھانے والوں سے بات چیت کی ۔