محمد تسکین
سرینگر// مسلسل بارشوں سے پسیاں اور پتھر گرنے کے باعث جموں کشمیر کی کئی اہم شاہراہیں ہر قسم کی ٹریفک کی آمدرفت کیلئے بند کر دی گئی ہیں۔جموںسرینگر قومی شاہراہ مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔ٹریفک کنٹرول یونٹ حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ادہمپور ۔ رام بن اوربانہال کے سیکٹر میں موسلادھار بارشوںسے منگل کی صبح نو بجے رام بن اور بانہال کے درمیان شاہراہ کئی مقامات پر پتھروں اور پسیوں کی زد میں آگئی اور شاہراہ پر دونوں طرف کے ٹریفک کو روک دینا پڑا ۔ ادہمپور میں توی میں سیلابی صورتحال کیوجہ سے بلی نالہ اور سمرولی کے درمیان دیول پل کے پاس فورلین شاہراہ کا ایک حصہ مکمل طور سے ڈھ گیا جبکہ ادہمپور اور چیینی کے درمیان شاہراہ کے کئی مقامات پسیاں اور پتھر گرآئے۔کشتواڑ،سنتھن،اننت ناگ روڈ کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح سرینگر،سو نہ مرگ،،گمری سڑک بھی باجری نالہ کے قریب پسیاں گر آنے کی وجہ سے بند ہے۔مغل روڈ بھی ملبے گرنے والے پتھروں کے باعث بند کر دی گئی ہے۔جموں،پٹھانکوٹ شاہراہ کی صورتحال کا دوبارہ جائزہ 28 اگست کو لیا جائے گا۔