عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ آج جموں و کشمیر کیلئے ایک اہم دن ہے کیونکہ حکومت نے پاکستانی مقبوضہ کشمیر ، مغربی پاکستان اور کشمیری مہاجر خاندانوں کے بے گھر خاندانوں سے تعلق رکھنے والے 350 نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے مالی مدد فراہم کی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں کے مستقبل کو بااختیار بنانے کیلئے ہنر مندی کی ترقی اور انٹر پرنیور شپ کے مواقع فراہم کرنے کیلئے جموں و کشمیر حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ انٹر پرنیور شپ نوجوانوں کیلئے محض ذریعہ معاش نہیں ہے بلکہ ان کی خواہشات اور خوابوں کو پورا کرنے کا ایک طاقتور ذریعہ ہے ۔ کنونشن سنٹر میں تاریخی تقریب کی صدارت لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ’’ جو مالی امداد دی گئی ہے وہ انہیں اپنے خوابوں کو پورا کرنے اور کمیونٹی میں کاروباری ثقافت کو روشن کرنے میں مدد دے گی ۔ ‘‘ انہوں نے کہا سپیشل گورننس کیمپ کے دوران مختلف سرکاری محکموں ، ضلعی صنعتی مراکز ، کے وی آئی بی جے اینڈ کے مشن یوتھ نے جے اینڈ کے بینک اور ریلیف اینڈ ری ہیبلی ٹیشن ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے آؤٹ ریچ پروگرام کا انعقاد کیا اور اپنا کاروبار شروع کرنے کے خواہشمند نوجوانوں تک پہنچایا اور معاشرے نے اس میں اپنا حصہ ڈالا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں یو ٹی انتظامیہ کے عزم کو اجاگر کیا تا کہ یو ٹی میں ایک ترقی پسند کاروباری ماحولیاتی نظام تشکیل دیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا نوجوانوں بالخصوص بے گھر اور مہاجر برادریوں کی لڑکیوں پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور حکومت کی خود روز گار اسکیموں کے فوائد حاصل کریں ۔ انہوں نے کشمیری تارکین وطن اور پی او جے کے اور مغربی پاکستان کے بے گھر خاندانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے ایک سرشار اقدام ’ سیوا سے سوابھیمان ‘ کیلئے جے اینڈ کے بینک کی بھی تعریف کی ۔ خود روز گار کے اقدام میں اہم شراکت کیلئے مختلف محکموں کے افسران کو بھی مبارکباد دی گئی ۔