جموں و کشمیر کا ‘ڈریم ریلوے پروجیکٹ’ امسال مکمل ہوگا سنگلدان-ریاسی سیکشن کی تکمیل اور دو روزہ معائنہ اسی ماہ

 عظمیٰ نیوز سروس

جموں// کمشنر آف ریلوے سیفٹی (CRS) ڈی سی دیشوال اس ماہ کے آخر میں 46 کلومیٹر طویل سنگلدان-ریاسی سیکشن کا دو روزہ معائنہ کریں گے، جو چناب اور بڑی سرنگوں پر دنیا کے بلند ترین اسٹیل آرچ ریل پل سے گزرتا ہے۔ چیف پبلک ریلیشن آفیسر، ناردرن ریلوے، دیپک کمار نے کہا کہ اس سیکشن کا آغاز 27 اور 28 جون کو ادھم پور-سری نگر-بارہمولہ ریل لنک کے اس اہم حصے کے کمشنر ریلوے سیفٹی کے معائنہ پر منحصر ہے۔انہوں نے کہا کہ سنگلدان سے ریاسی کے کام سی آر ایس کے طے شدہ معائنہ سے پہلے مکمل کر لیے جائیں گے۔کل 272 کلومیٹر یو ایس بی آر ایل پروجیکٹ میں سے، 209 کلومیٹر مرحلہ وار شروع کیا گیا تھا جس کے پہلے مرحلے میں 118 کلومیٹر قاضی گنڈ-بارہمولہ سیکشن اکتوبر 2009 میں شروع کیا گیا تھا، اس کے بعد جون 2013 میں 18 کلومیٹر بانہال-قاضی گنڈ، 25 کلومیٹر ادھم پور-کٹرا جولائی 2014 میں شروع ہوا تھا۔ اور 48.1 کلومیٹر طویل بانہال-سنگلدان اس سال فروری میںجوڑا گیا۔46 کلومیٹر کے سنگلدان-ریاسی سیکشن کے شروع ہونے کے ساتھ، ریاسی اور کٹرہ کے درمیان صرف 17 کلومیٹر کے حصے پر کام باقی ہے جو کہ سال کے آخر تک مکمل ہونے کا امکان ہے تاکہ کشمیر کو ملک کے باقی حصوں سے ٹرین کے ذریعے ملایا جا سکے۔ پروجیکٹ جس پر کام 1997 میں شروع ہوا تھا اور ارضیاتی، ٹپوگرافیکل اور موسمیاتی چیلنجوں کی وجہ سے کئی ڈیڈ لائنز گذر چکی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ سنگلدان سے ریاسی کے درمیان پہلی ٹرینکو 30 جون کو جھنڈی دکھائے جانے کا امکان ہے، جو جموں کے ریاسی ضلع کو ریلوے لائن کے ذریعے کشمیر سے جوڑے گی۔پچھلے مہینے، ناردرن ریلوے کے جنرل مینیجر شوبھن چودھری نے موٹر ٹرالی کے ذریعے چناب پل کا سنگلدان سٹیشن تک معائنہ کیا، بکل-ڈگر-ساولہ کوٹ-سنگلدان سیکشن میں ٹریک، الیکٹریکل اور مکینیکل سسٹم اور سگنل ٹیلی کام کے کاموں کا جائزہ لیا۔ چودھری نے ساولہ کوٹ یارڈ، ٹنل T-42 اور T-43 کے کام کو مکمل کرنے کے لئے ناردرن ریلوے، IRCON اور کونکن ریلوے کارپوریشن لمیٹڈ (KRCL) کے انجینئروں کے ساتھ بات چیت کی۔دریا کے کنارے سے 359 میٹر بلندی پر واقع 1.3 کلومیٹر چناب ریل پل، پیرس کے مشہور ایفل ٹاور سے 35 میٹر بلند، اس منصوبے کی ایک اہم کڑی ہے۔ جموں و کشمیر انتظامیہ نے پہلے ہی اس پل کو سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دینے کے منصوبوں کا اعلان کیا تھا۔سنگلدان-ریاسی سیکشن کو شروع کرنے کا مطلب جموں اور کشمیر میں ریاسی کے درمیان ایک متبادل لنک ہے۔ اس کے بعد کٹرہ سٹیشن کو کشمیر سے جوڑ کر، ایک نئے مرحلے کا آغاز کیا جائے گا اور وادی کو کنیا کماری سے جوڑنے کے ساتھ سب سے بڑی کامیابی ہوگی۔