عاصف بٹ
کشتواڑ// جموں و کشمیر پولیس نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سوک ایکشن پروگرام کے تحت شہداء میموریل T-20کرکٹ ٹورنامنٹ کا باضابطہ افتتاح کیا۔ کشتواڑ کے چوگان میں افتتاحی تقریب پر ایڈیشنل ایس پی کشتواڑ پون شرما بطورمہمان خصوصی تھی۔ انکے ہمراہ ایس ڈی پی او مڑواہ وجے کمار ، ایس ایچ او پی ایس کشتواڑ فردوس احمد موجود تھے۔تقریب کا آغاز جموں و کشمیر پولیس کے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پولیس بینڈ کے ذریعہ بجائے گئے قومی ترانے سے ہوا۔پہلا میچ IRP-22 و سی آئی ایس ایف کے درمیان کھیلا گیا ۔کشتواڑ ضلع کے مختلف مقامات سے تقریباً 90ٹیمیں جن میں لڑکیوں کی ایک ٹیم بھی شامل ہے ،اس سال کے ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہی ہیں ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ایس پی کشتواڑ نے قوم کے لیے ان کی عظیم قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے شہیدوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف ہیروز کو عزت دیتے ہیں بلکہ نوجوانوں کو تعمیری اور نظم و ضبط کی سرگرمیوں میں مشغول ہونے کی ترغیب دیتے ہیں۔ ایس ایس پی کشتواڑ نے اپنے پیغام میں جموں و کشمیر پولیس کے ان بہادر ہیروز کو یاد کیا جنہوں نے قومی سلامتی کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔