عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر پولیس نے منگل کواٹرنو انفوٹیک کے ساتھ اپنی نوعیت کے پہلے مفاہمت نامے پردستخط کئے۔ اس سلسلے میں پولیس ہیڈکوارٹر سرینگر میں منعقدہ ایک تقریب میں ڈیلی ہنٹ، جوش اور ون انڈیا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے مالکان بھی موجود تھے۔تقریب کی صدارت پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے کی۔ڈی جی پی نے ٹیم اٹرنو انفوٹیک کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مفاہمت نامے سے جموں و کشمیر پولیس کی کامیاب کہانیاں ملک کے شہریوں تک پہنچ جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس ملک کی بہترین پولیس فورسز میں سے ایک ہے جو اپنی بہادری اور قربانیوں کے لیے جانی جاتی ہے اور اپنی کامیابیوں کی کہانیاں پوری دنیا کو سنانا اس فورس کے حوصلے بلند کرنے کا باعث بنے گا۔ڈی جی پیز کانفرنس کے ایک موقع کو یاد کرتے ہوئے دلباغ سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک بار جموں و کشمیر پولیس کے عزم اور بہادری پر فلمیں بنانے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان میڈیا پلیٹ فارمز کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کرنے سے جموں و کشمیر پولیس کی کہانیاں ہمارے ملک کے لوگوں تک مناسب طریقے سے پہنچ سکیں گی۔ تاہم انہوں نے زمینی سطح پر کام کرنے والے افسران پر زور دیا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مختلف محاذوں پر کامیابی کی کہانیوں کا مواد ان پلیٹ فارمز تک پہنچائیں۔اے ڈی جی پی (ہیڈ کوارٹر/ کوآرڈی نیشن) پی ایچ کیو ایم کے سنہا نے اپنے خطاب میں ایٹرنو انفوٹیک پرائیویٹ لمیٹڈ کا جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ اس فورس کی متاثر کن کہانیوں کو عام کرنے کے لیے ایم او یو پر دستخط کرنے کے لیے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس ملک کی خودمختاری اور سالمیت کے لئے انتہائی عزم، لگن اور بہادری کے ساتھ کام کر رہی ہے اور اسے کبھی بھی ملک کے لوگوں کے سامنے اپنے کام کا اظہار کرنے کا وقت نہیں ملا۔ چونکہ نیا جموں و کشمیر تشکیل پا رہا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ دنیا کو اس فورس کی جانب سے دی گئی حتمی قربانیوں کے بارے میں بتایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس فورس کی بہت سی ان کہی کہانیاں ہیں جو انہیں امید ہے کہ ان پلیٹ فارمز کے ذریعے ہمارے لوگوں تک پہنچ سکیں گے۔اس موقع پر ایٹرنو انفوٹیک کے ایگزیکٹیو ڈائرکٹر شری این راوان نے کہا کہ یہ ہمارے لیے بڑے فخر اور (اعزاز کی بات ہے کہ ہم جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ تعاون کررہے ہیں اور وابستہ ہیں۔ “میں سمجھتا ہوں کہ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم جموں کشمیر پولیس کی تمام کہانیوں کو’ جو قوم اور نئے جموں و کشمیر کی تعمیر میں اپناعظیم کردارادا کر رہی ہے‘ کو ہندوستان کے کونے کونے میں لے جانا ہے۔ این رونا نے یادداشت کو عملی جامہ پہنا نے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اس موقع پر ڈی جی پی، جموں و کشمیر شری دلباغ سنگھ، اے ڈی جی پی ہیڈکوارٹر پی ایچ کیو شری ایم کے سنہا اور پولیس ہیڈ کوارٹر کے دیگر سینئر افسران کا شکریہ ادا کیا۔اے آئی جی کمیونیکیشن پی ایچ کیو منوج کمار پنڈت نے شکریہ کے کلمات پیش کرتے ہوئے جموں کشمیر پولیس کی بہادری، قربانیوں اور عزم کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لیے جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے مختلف شراکت داروں کے ساتھ شروع کیے گئے مختلف میڈیا پروجیکٹوں کے بارے میں مختصر معلومات شئیر کی۔ انہوں نے جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے ایٹرنو انفوٹیک کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر شری این راونن کے ساتھ ایم او یو پر بھی دستخط کیے۔اس تعاون کا مقصد جموں و کشمیر پولیس کی بہادری، قربانیوں کی ان کہی کہانیوں کوملک اور بیرون ملک کے زیادہ سے زیادہ شہریوں تک پہنچنا اور شہریوں کی حفاظت اور سلامتی سے متعلق اہم معلومات کا اشتراک کرنا ہے۔اے ڈی جی پی ہیڈکوارٹر پی ایچ کیو ایم کے سنہا، ایٹرنو انفوٹیک پرائیویٹ لمیٹڈ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر این راوان، اے آئی جی سی آئی وی پی ایچ کیو ڈاکٹر جی وی سندیپ چکرورتی، اے آئی جی (ٹریننگ/پالیسی) پی ایچ کیو جے ایس جوہر، اے آئی جی (پرسنل) پی ایچ کیو ورندر سنگھ منہاس، اے آئی جی (بلڈنگ) پی ایچ کیو امیت بھاسین، اے آئی جی (ٹیک/ کام) منوج کمار پنڈت، پارٹنرشپس کے سربراہ کیشو آنند، لیڈ پارٹنرشپس ریشما شرما ملہوترا اور پولیس ہیڈ کوارٹر کے دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔