عظمیٰ نیوزسروس
جموں//بی جے پی کے سینئر لیڈر انوراگ ٹھاکر نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف اپنی دشمنی سے پاکستان غیر مستحکم ہوا ہے اورہندوستان نے پاکستان کے تئیں کبھی بھی بدتمیزی نہیں کی ۔ انہوں کشمیر میں کالعدم جماعت اسلامی کے سابق رہنماؤں کے ایک گروپ کی طرف سے الیکشن لڑنے اور بے گھر کشمیری پنڈتوں کی واپسی کے لیے کام کرنے کیلئے ایک نئی پارٹی کی تشکیل کا بھی خیر مقدم کیا اور کہا کہ سب کو اس سمت میں کوشش کرنی چاہیے۔جموں میں بجٹ پر چرچا کے ایک پروگرام میں شرکت کرنے کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے لہا کہ پاکستان کی جانب سے ماضی کی طرح سرحدوں پر کارروائی کا منہ توڑ جواب دیا جا رہا ہے۔ اگر وہ (پاکستان) اپنی مذموم سرگرمیاں ختم نہیں کرتا تو ہماری افواج اس کی دیکھ بھال کرنا جانتی ہیں، جیسا کہ انہوں نے ماضی میں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر کے خود کو غیر مستحکم کر لیا ہے۔ کوئی بھی نہیں چاہتا کہ اس کا پڑوسی ملک ایک ناکام ریاست ہو، ہم نے کبھی اس کے لیے برا نہیں چاہا لیکن جس نے بری نظر رکھی وہ برباد ہو گیا۔ٹھاکر نے کشمیر میں کالعدم جماعت اسلامی کے سابق رہنماؤں کے ایک گروپ کی طرف سے الیکشن لڑنے اور بے گھر کشمیری پنڈتوں کی واپسی کے لیے کام کرنے کے لیے ایک نئی پارٹی کی تشکیل کا بھی خیر مقدم کیااور کہا کہ سب کو اس سمت میں کوشش کرنی چاہیے۔انہوں نے مقامی کاروباریوں اور ٹرانسپورٹروں کے ان خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے لیے براہ راست ٹرین جموں پر منفی اثر ڈالے گی، یہ کہتے ہوئے’’ہمیں اپنی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔جموں میں ویشنو دیوی میں سب سے زیادہ یاتریوں کی آمد کا ریکارڈ ہے۔ جموں میں سرحدی سیاحت اور مقامات کی اپنی اہمیت ہے، اور کشمیر کے ساتھ کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ ہمیں ایک مشترکہ پیکج دیکھنا ہے اور اس کے ساتھ نکلنا ہے جس سے جموں اور کشمیر دونوں صوبوں کو فائدہ پہنچے گا۔ سال 2025-26کے مرکزی بجٹ پر روشنی ڈالتے ہوئے، ٹھاکر نے کہا کہ یہ ہندوستان کو ترقی یافتہ بنانے میں بہت اہم کردار ادا کرے گا۔انہوںنے کہا ’’جموں اور کشمیر وزیر اعظم کے دل میں رہتا ہے اور بی جے پی کے لئے بہت اہم ہے، جیسا کہ یہ باقی ملک کے لئے ہے۔ جموں و کشمیر کو مزید ترقی یافتہ بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی‘‘۔