عظمیٰ نیوز سروس
جموں//مسلح افواج کے سابق فوجیوں کے دن کے موقع پر، لیفٹیننٹ گورنر جناب سنہا نے راج بھون میں بہادر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور سابق فوجیوں،انکی خواتین اور مسلح افواج کے بہادروں کے رشتہ داروں کے ساتھ بات چیت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے اس موقعہ پر کہا ’’ قوم ہمیشہ ہمارے فوجیوں کی مقروض رہے گی جو ملک کی یکجہتی، سالمیت اور خودمختاری کی حفاظت کر رہے ہیں، سابق فوجیوں کی فلاح و بہبود انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے،” ۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر نے پچھلے چار سالوں میں زبردست بہتری دیکھی ہے، جس کے لیے آپ سب نے زندگی بھر کام کیا ہے، آج جموں کشمیر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد جموں و کشمیر نے سیاحوں کی سب سے زیادہ آمد دیکھی ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں کشمیر میں امن کو درہم برہم کرنے کی پڑوسی ملک کی مذموم کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پولیس، فوج، سی اے پی ایف تال میل سے کام کر رہے ہیں۔ دہشت گردی اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ہمارے سابق فوجی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔انہوں نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سابق فوجیوں اور ویر ناریوں کی فلاح و بہبود کے لیے دل کھول کر اپنا حصہ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری اور ہمارا اولین فرض ہے کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہمارے سابق فوجیوں اور ہمارے شہدا کے اہل خانہ عزت کی زندگی بسر کریں۔انہوں نے کشمیر اور جموں کے دونوں خطوں میں سینک کالونیوں کے لیے زمین کی دستیابی کے معاملے میں انتظامیہ کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی فوج کے بہادروں کے احترام کے طور پر ایکس گریشیا میں اضافہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے اس موقع پر ویر نارس کو بھی اعزاز سے نوازا۔