عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولونے جموں و کشمیر ایمپلائیز پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (جے کے اِی پی ایف او) کو مرکزی حکومت وزارتِ اِی پی ایف او میں منتقل کرنے کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے کل سول سیکرٹریٹ میں ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں صارفین کے کھاتوں میں خاطر خواہ اضافے پر روشنی ڈالی گئی۔ 2019 سے قبل 4 لاکھ 90 ہزار 336 اکاؤنٹس تھے اور منتقلی کے بعد یہ تعداد بڑھ کر 7 لاکھ 68 ہزار 993 ہو گئی ہے۔اِسی طرح طے شدہ دعووں کی تعداد میں کافی اِضافہ ہوا ہے جس میں 477,090 دعوے نمٹائے گئے جن کی رقم 2,348 کروڑ روپے ہے۔جائزے میںبتایا گیا کہ منتقلی کا عمل تقریباً مکمل ہوچکا ہے اور صارفین کے زیادہ تر اکاؤنٹس پہلے ہی ڈیجیٹل ہو چکے ہیں اور مرکزی اِی پی ایف ڈیٹا بیس میں منتقل کئے گئے ہیں۔میٹنگ میں 11 ؍جولائی 2023 ء کے گورنمنٹ آرڈر نمبر 37۔ایل اینڈ ای کی تعمیل کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جو جموں و کشمیر حکومت اور مرکزی ای پی ایف او کے درمیان اثاثوں ، اَفرادی قوت اور عمارتوں کی تقسیم سے متعلق ہے۔چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے منتقلی کی مجموعی پیش رفت پر اطمینان کا اِظہار کیا اور باقی زیرِ اِلتوا ٔمسائل کو حل کرنے کے لئے فوری کارروائی کی ہدایت دی۔