یو این آئی
نئی دہلی//سال 2030 تک ہندوستانی ای وی مارکیٹ کے 20 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچنے کی توقع ہے ، جس سے 5 کروڑ ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ ہائبرڈ اور ای وی کا تخمینہ 2028 تک مارکیٹ کا 8فی صد حصہ ہوگا، جب کہ ای وی فنانس مارکیٹ کا حجم 4 لاکھ کروڑ روپے ہونے کا تخمینہ ہے ۔ان خیالات کااظہار روڈ ٹرانسپورٹ اور قومی شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے اکیسویں ای وی ایکسپو 2024 کا افتتاح کرتے ہوئے الیکٹرک وہیکل (ای وی) انڈسٹری کی پائیداری پر 8ویں کیٹالسٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گڈکری نے یہ تصور کرتے ہوئے نتیجہ اخذ کیا کہ ہندوستان کی آٹوموبائل انڈسٹری پانچ برسوں کے اندر ای وی سیکٹر کی اہم شراکت کے ساتھ دنیا کی سب سے بڑی صنعت بن جائے گی۔ یتھیم کے ذخائرکا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ہندوستان کے 60 لاکھ ٹن لیتھیم کے ذخائر عالمی اسٹاک کا 6فی صد ہیں، جو 60 کروڑ ای وی کی تیاری کے لیے کافی ہیں۔ ان ذخائر کے استعمال میں تیزی لانے کی کوششیں جاری ہیں۔ لیتھیم آئن بیٹریوں کی لائف سائیکل لاگت فی کلوواٹ فی گھنٹہ ڈالر115 ہے ، جو چھ ماہ کے اندر ڈالر100 سے نیچے آنے کی امید ہے ۔