پرویز احمد
سرینگر //عالمی سطح پر اب سکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد 272ملین ہوگئی ہے۔ یونیسکو گلوبل ایجوکیشن مانیٹرینگ کے مطابق یہ پچھلی بار سے 21ملین زیادہ ہے۔ ٹیم کی تازہ پورٹ کے مطابق مختلف ممالک کا سکولوں میں داخلے کا مقررہ ہدف 75ملین سے کم ہے۔ رپورٹ کے مطابق سکول سے باہر رہنے والے بچوں کی تعداد میں 13ملین کا اضافہ ہوا ہے۔ سال 2024میں شائع ورلڈ پاپولیشن پروسپیکٹس (World Population Prospects)کے مطابق سکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد 49ملین یعنی 31فیصد زیادہ ہے۔ سکولوں سے باہر رہنے والے بچوں میں 78ملین یعنی 11فیصد پرائمری سطح کے ہیں۔ 31فیصد یعنی 130ملین بچوں کی عمر مڈل سکول جانے والوں کی ہے۔ جموں و کشمیر میں بھی بچے کم عمری میں تعلیم ترک کررہے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر میں 17فیصد بچے پرائمری سطح اور 12فیصد بچے دسویں کے بعد تعلیم ترک کرتے ہیں۔ سرکاری دستاویزکے مطابق جموں و کشمیر میںپرائمری سطح پر 82.70فیصد اور ہائر سیکنڈری سطح پر 88.42فیصد تعلیم جاری رکھتے ہیں۔حکام کے مطابق پچھلے سال سکول سے باہر رہنے والے بچوں میں سے 46000 کا سکولوں میں داخلہ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔اے ایس ای آر رپورٹ کے مطابق جموں و کشمیر میں 10فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ان میں سے 14سے 16سال کی عمر کے 3.9فیصد ہیں۔ان میں لڑکیوں کی شرح 5.5 اور لڑکوں کی شرح 1.7فیصد ہے۔رپورٹ کے مطابق 17سے 18سال کے 19فیصد بچے کبھی سکول نہیں گئے ہیں جن میں لڑکوں کی شرح 15 اور لڑکیوں کی شرح 21.6فیصد ہے۔اعدادوشمار میں کہا گیا ہے کہ 14سے 18سال کے طلباء میں 10.1فیصد سکول نہیں گئے ہیں۔ان میں لڑکوں کی شرح 7.1 جبکہ لڑکیوں کی شرح 12.1فیصد ہے ۔
تعلیم چھوڑنا
جموں و کشمیر میں پرائمری سطح کے 17 اور سینئر سیکنڈری سطح پر 11.58فیصد طلبہ تعلیم چھوڑ رہے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پرائمری سطح پر تعلیم جاری رکھنے والے بچوں کی شرح 82.70فیصد جبکہ سینئر سیکنڈری سطح پر 88.42فیصد بچے تعلیم جاری رکھتے ہیں۔ سال 2022-23میں 217890طلبہ نے داخلہ لیا ،اس طرح سرکاری سکولوں میں داخلہ لینے والے طلبہ کی تعداد میں 17.87فیصد اضافہ ہوا ۔محکمہ تعلیم حکام نے بتایا کہ سرکار نے804سکولوں میں ہنر کی تعلیم شروع کی اور اب یہ تعداد 1067تک پہنچ گئی ہے، جہاں تقریباً1لاکھ 25ہزار طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں۔ مذکورہ افسر نے بتایا کہ 3ہزار سکولوں میں کمپوٹر سہولیات کا آغاز کیا گیا ہے جبکہ سرکار مزید 834سکولوں میں کمپیوٹر لیبارٹری اور 1352سکولوں میں سمارٹ کلاسز کی شروعات کی ہے۔ سال 2022-23میں 2562سکولوں میں سامگرا شکشھا اور دیگر سکیموں کے تحت کام شروع کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ محکمہ تعلیم نے نوزائد بچوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے 2000سکولوں میں kindergarten سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں۔