عظمیٰ نیوزسروس
جموں // مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے کہا کہ جموں وکشمیر میں چمڑے کے سامان کی صنعت میں وسیع امکانات ہیںاورمناسب تربیت اقتصادی ترقی اور ذریعہ معاش میں نمایاں طور پر حصہ ڈال سکتی ہے۔وزیر مملکت یہاں خواتین کاروباریوں کے لیے چمڑے کے سامان کی تیاری سے متعلق ایک صنعتی تربیتی پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعد ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس اقدام کا مقصد خواتین کو چمڑے کے شعبے میں ہنر مندی کے مواقع فراہم کرکے انہیں بااختیار بنانا ہے۔اس تربیتی پروگرام کا اہتمام CSIR-انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انٹیگریٹیو میڈیسن جموں کے ذریعے کیا جا رہا ہے جسے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے تحت سینٹرل الیکٹرانک لمیٹڈ کی مالی مدد حاصل تھی۔جتندر سنگھ نے کہا’’جموں و کشمیر میں خام مال کی دستیابی، روایتی دستکاری، اور ہاتھ سے تیار، اعلیٰ معیار کی چمڑے کی مصنوعات کی بڑھتی ہوئی مانگ کی وجہ سے چمڑے کے سامان کی صنعت میں وسیع امکانات ہیں‘‘۔وزیر نے کہا کہ “اس شعبے میں مناسب تربیت اقتصادی ترقی اور ذریعہ معاش پیدا کرنے میں نمایاں طور پر حصہ ڈال سکتی ہے، خاص طور پر بے روزگار خواتین کے لیے‘‘۔وزیر نے کہا”CSIR-IIIM کی قیادت میں اس کوشش کا مقصد جموں و کشمیر میں خواتین کو بااختیار بنانا ہے اور امید ہے کہ CSIR-IIIM میں اٹل انوویشن سینٹر کے تحت رجسٹرڈ اسٹارٹ اپس کو نمایاں طور پر فائدہ پہنچے گا”۔ وزیر نے پائیدار معاش کے مواقع پیدا کرنے میں مہارت کی ترقی کی اہمیت کو اجاگرکیا۔