عظمیٰ نیوزسروس
جموں//حکمران جماعت نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے منگل کو کہا کہ جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے بہی باغ گاؤں میں نامعلوم اسلحہ برداروں کے ذریعہ کیا گیا حملہ جموں و کشمیر میں مرکز کے معمول کے دعووں کو متنازعہ بنا رہا ہے۔جموں میں منعقدہ ایک تقریب کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات کر تے ہوئے اکٹر فاروق نے کہاکہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ڈھول پیٹنے والوں سے سوال کہ ملی ٹنسی کا صفایا ہو چکا ہے اور جموں و کشمیر میں حالات معمول پر آگئے ہیں۔پیر کو ملی ٹینٹوں نے کولگام ضلع کے بہی باغ علاقے میں ایک سابق فوجی کو گولی مار کر ہلاک اور اس کی بیوی اور ایک بھتیجی کو زخمی کر دیا۔ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ اگر جموں و کشمیر میں اب بھی ملی ٹینٹ سرگرمیاں ہو رہی ہیں تو مرکز کی حکومت کو حقائق پر صفائی دینا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ مرکزی حکومت آئے دن یہ دعوی کر رہی ہے کہ جموں و کشمیر میں ملی ٹینسی ختم ہو گئی ہے لیکن یہ حقیقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کو صورت حال پر صفائی پیش کرنی چاہئے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے،نیشنل کانفرنس کے صدر نے کہا کہ دہلی انتخابات ہونے دیں، سب کچھ صاف ہو جائے گا۔انہوںنے کہاکہ پہلے وہ (بی جے پی) دعویٰ کر رہے تھے کہ وہ جموں و کشمیر میں انتخابات میں کلین سویپ کریں گے، لیکن جب نتائج سامنے آئے تو کیا ہوا۔ وہ دعویٰ کر رہے تھے کہ وہ اوپر اور نیچے کی طرف سے نکلیں گے، لیکن لوگوں نے انہیں دروازہ دکھا دیا۔ لہٰذا دہلی میں الیکشن ہونے دیں، اور نتائج سامنے آئیں، سب کچھ صاف ہو جائے گا۔