نیوز ڈیسک
جموں// ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے ہفتہ کو کہا کہ پاکستان مزیدملی ٹینٹوں، منشیات اور ہتھیاروں کو جموں و کشمیر میں دھکیلنے کی کوشش کر رہا ہے، جہاں ملی ٹینسی کو ختم کرنے کے لیے پرعزم سیکورٹی ایجنسیوں کی کارروائیوں کی وجہ سے عسکریت پسندی کا گراف گر رہا ہے۔ انہوں نے پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کے گھر سے سات کلو گرام ہیروئن، 2 کروڑ روپے سے زیادہ اور اسلحہ اور گولہ بارود کی برآمدگی کو ایک “بڑی کامیابی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں دہشت گردی کے حمایتی ڈھانچے کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے سیکورٹی فورسز کام کر رہی ہیں۔ دلباغ سنگھ نے سانبہ میں ایک تقریب کے موقع پر نامہ نگاروں کو بتایا، “ہم نے زیر زمین (سرنگوں) اور اوور گراؤنڈ چینلز کے ذریعے (ملی ٹینٹوں) دراندازی کی جانچ کی ہے، لیکن پاکستان اب بھی بڑی تعداد میں ملی ٹینٹوں کو اس طرف دھکیلنے کی مسلسل کوششیں کر رہا ہے،” ۔ انہوں نے کہا کہ دراندازی ملی ٹینٹوں کی صفوں کو بھرنے اور دہشت گردی کے گراف کو بلند کرنے کے لیے کی جاتی ہیں، جو گر رہا ہے۔سنگھ نے کہا کہ تاہم، پولیس دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر امن میں خلل ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے چوکس ہے اور جموں و کشمیر سے دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ جو بھی پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرے گا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔پولیس سربراہ نے کہا کہ دہشت گردوں کو دھکیلنے کے ساتھ ساتھ پاکستان اس طرف منشیات اور ہتھیاروں کی سمگلنگ میں بھی ملوث ہے۔انہوں نے کہا، “پاکستان کا یہ اقدام دہشت گردی کو زندہ رکھنے کے لیے تھا، سیکیورٹی ایجنسیاں منشیات کے اسمگلروں کے خلاف سخت کارروائی کر رہی ہیں اور پوری سازش کو بے نقاب کرنے اور مجرموں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کے لیے تفتیش جاری ہے۔”سنگھ نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات کے دوران بین ریاستی روابط سامنے آنے لگے ہیں، جس کے بین الاقوامی اثرات ہیں کیونکہ “کچھ ڈالر بھی ضبط کیے گئے”۔انہوں نے کہا”منشیات کی تجارت سے حاصل ہونے والی آمدنی کو دہشت گردی کی مالی معاونت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے کچھ منشیات فروشوں کے ساتھ جو کورئیر اور اوور گراؤنڈ ورکرز کے طور پر استعمال ہوتے ہیں تاکہ دہشت گردوں کی حمایت کا ڈھانچہ بڑھایا جا سکے۔ ہم دہشت گردی کے مکمل سپورٹ ڈھانچے کو ختم کرنے کے لیے ایک جامع سطح پر کام کر رہے ہیں، جو ہمارا فرض ہے اور ہم اس پر کام کر رہے ہیں۔