عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // جموں کشمیر میں اتوار کوشوال کا چاند نظر آگیا اور آج عیدالفطر کی تقریب منائی جارہی ہے۔مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام نے اتوار کی شام کہا کہ جموں و کشمیر میں شوال کے مہینے کا چاند نظر آگیا ہے اور عید الفطرپیرکو منائی جائے گی۔ مفتی اعظم نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے اختتام پر جموں و کشمیر بھر سے شوال کا چاند دیکھنے کے لیے کافی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیر کو جموں و کشمیر میں عید الفطر منائی جائے گی۔انہوں نے امت مسلمہ بالخصوص جموں و کشمیر کے لوگوں کو بھی مبارکباد دی۔مفتی نے کہا کہ وادی کشمیر کے تقریباً سبھی مقامات بشمول سرینگر کے علاوہ جموں،کرگل،گول، راجوری اور پونچھ میں بھی لوگوں نے شوال کا چاند دیکھا اور اسکی شہادتیں دیں۔مفتی نے کہا کہ شہادتین اتنی زیادہ تھیں کہ رویت کا فیصلہ کرنے کیلئے مشاورتی کمیٹی کے اجلاس میںفوراً اسکی تصدیق کی گئی۔انہوں نے کہا’’یہ مبارک موقع ہم سب کے لیے بہت سی، خوشی، امن اور خوشحالی لے کر آئے”۔دریں اثناء شاہی امام و صدر مرکزی رویت ہلاک کمیٹی جامع مسجد دہلی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شوال کا چاند نظر آگیا ہے اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ لیا گیا کہ عیدالفطر پیر کو منائی جائیگی۔عیدالفطر کے حوالے سے نماز عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہونے جارہے ہیں جس کے لئے مقامی مساجد کمیٹیوں اور وقف بورڈ نے انتظامات کر رکھے ہیں۔