راجوری میں تازہ بارشوں نے سیلاب متاثرین کی مشکلات میں اضافہ کر دیا
سمت بھارگو
راجوری// کئی دنوں تک خوشگوار دھوپ اور صاف موسم کے بعد اتوار کو جموں و کشمیر کے مختلف حصوں میں موسم نے اچانک کروٹ بدل لی۔ دوپہر کے بعد شروع ہونے والی بارش نے شام تک وقفے وقفے سے جاری رہ کر زندگی کو ایک بار پھر متاثر کر دیا۔ کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے سبب معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔راجوری ضلع میں اتوار کی دوپہر بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو شام تک جاری رہا۔ سڑکوں پر پانی بھر جانے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جبکہ پہاڑی علاقوں میں تازہ لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات نے لوگوں کو مزید پریشان کر دیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مسلسل بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے کئی گاؤں متاثر ہو چکے ہیں اور اب تازہ بارشوں نے ان کے خدشات کو بڑھا دیا ہے۔ماہرین کے مطابق پہاڑی اور ندی نالوں کے قریب واقع علاقوں میں زمین کھسکنے اور مزید نقصانات کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ انتظامیہ نے بھی لوگوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے تاکہ کسی قسم کے جانی نقصان سے بچا جا سکے۔قابل ذکر ہے کہ راجوری اور اس کے مضافات میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث درجنوں مکانات زمین بوس ہو گئے تھے، جس سے کئی خاندان بے گھر ہو کر رشتہ داروں یا عارضی پناہ گاہوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ تازہ بارشوں نے ان متاثرہ خاندانوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔ بے گھر افراد اس وقت آسمان کی طرف فکر مندی سے دیکھ رہے ہیں کہ کب یہ بارش تھمے اور انہیں سکون کی سانس نصیب ہو۔ایک متاثرہ شخص نے کہاکہ ’ہم پہلے ہی اپنے گھروں سے محروم ہو چکے ہیں، اب یہ بارشیں ہمارے لئے مزید مسائل پیدا کر رہی ہیں۔ نہ پینے کے لئے صاف پانی ہے اور نہ ہی بچوں کے لئے مناسب سہولت‘۔مقامی باشندوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ ریلیف اور بحالی کے اقدامات میں تیزی لائی جائے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری سہولت مل سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ صرف وقتی امداد مسئلے کا حل نہیں بلکہ متاثرین کے لئے پائیدار اقدامات کرنا ناگزیر ہے۔سماجی کارکنوں نے بھی خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر بارشوں کا سلسلہ مزید جاری رہا تو نہ صرف پہلے سے متاثرہ علاقے بلکہ مزید گاؤں بھی خطرے کی زد میں آ سکتے ہیں۔ ایسے میں حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے لئے یہ ایک بڑا امتحان ہے کہ وہ متاثرین کی داد رسی کس حد تک تیز رفتاری سے کر پاتی ہے۔