بلال فرقانی
سرینگر // جموں و کشمیر میں قتل کی شرح 0.6 فی ایک لاکھ افراد ہے، جو دنیا میں سوئٹزرلینڈ کے ساتھ سب سے کم اور عالمی سطح پر 5.8 سے بھی کم ہے۔مجموعی طور پر جرائم کی شرح 217فی ایک لاکھ جوہندوستانی قومی اوسط سے488سے بھی کم ہے۔یہاں پورے ملک میں مختلف جرائم کے واقعات سب سے کم ریکارڈ ہوتے ہیں جبکہ اتر پردیش پہلے نمبر پر ہے۔جموں و کشمیر میںمجموعی طور پر جرائم کی شرح 2021 میں 31,675 واقعات سے کم ہوکر 2023 میں 29,595 ریکارڈ کی گئی ہے۔نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی)کی جاری کی گئی رپورٹ 2023 میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر میں 2021 سے 2023 تک جرائم کے مجموعی واقعات کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے، اس عرصے کے دوران 2,080 واقعات میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ نے این سی آر بی کی سالانہ رپورٹ کا 71 واں ایڈیشن جاری کیا ہے، جس میں کیلنڈر سال 2023 کے لیے جرائم کے اعداد و شمار کا ایک جامع تجزیہ پیش کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق، مجموعی جرائم کے اعداد و شمار، بشمول تعزیرات ہند (IPC) کے جرائم اور خصوصی اور مقامی قوانین (SLL) کے جرائم، 2021 میں 31,675 اور2022 میں 30,197 ، کم ہو کر 2023 میں 29,595 رہ گئے ہیں۔مختلف کیسوں کے اعدادوشمار کے مطابق مقامی قوانین سے متعلق کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔ اس میں کہا گیا کہ 2023 میں کیسز کی تعداد 4,468 ہو گئی جو 2022 میں 4,282 اور 2021 میں 4,228 تھی، اس طرح کے کیسوں کی چارج شیٹ کی شرح 90.7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔تاہم، تعزیرات ہند سے متعلق مقدمات میں 2,320 کی کمی واقع ہوئی ہے جو کہ 2021 میں 27,447 تھی جو 2022 میں 25,915 سے 2023 میں 25,127 ہوگئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قابل شناخت جرائم کی شرح 184.3 فی لاکھ تھی، جب کہ 2021 میں یہ شرح 2023 میں فی لاکھ 93 ہوگئی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر میں 2023 میں 101 متاثرین کے قتل کے 84 واقعات ریکارڈ کیے گئے جن میں 0.6 جرم کی شرح فی لاکھ ہے۔ اس نے مزید کہا کہ اس نے سال میں اغوا کے 1,004 مقدمات درج کیے جن میں 1,010 افراد شامل تھے۔اسی طرح، 2023 میں یونین ٹیریٹری میں 231 متاثرین کے ساتھ عصمت دری اورخواتین کے خلاف حملوں کے 1,352 اور جنسی ہراسانی کے 70 واقعات کے ساتھ 231 کیس درج کیے گئے۔تاہم، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2023 میں بغاوت کا کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا ، لیکن فسادات کے 425 مقدمات درج کیے گئے جن میں 655 افراد شامل تھے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ سال بھر میں فرقہ وارانہ یا مذہبی تشدد یا فرقہ وارانہ تشدد کا کوئی کیس درج نہیں ہوا۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ 2023 میں لاپرواہی سے ہونے والی اموات کے سلسلے میں 673 مقدمات درج کیے گئے جن میں 797 افراد شامل تھے، جن میں سڑک حادثات جیسے کہ ہٹ اینڈ رن سے ہونے والی اموات کے 639 کیسز بھی شامل ہیں۔ اس میں نو افراد کے خلاف جہیز کے9 اور خودکشی کے لیے اکسانے کے 44 کیس درج ہوئے۔ سال بھر میں اقدام قتل کے 438 اور خودکشی کی کوشش کے 434 مقدمات درج ہوئے۔