نیوز ڈیسک
سرینگر// محکمہ موسمیات نے پیر کو جموں و کشمیر میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران عام طور پر ابر آلود آسمان اور ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا”اگلے 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں بکھرے ہوئے مقامات پر ہلکی بارش کے ساتھ موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے”۔دریں اثنا، سرینگر میںپیر کی صبح کم سے کم درجہ حرارت 21 ڈگری سیلسیس، پہلگام میں 16.8 اور گلمرگ میں 13 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔لداخ کے علاقے میں دراس میں 12.8 ڈگری، لیہہ میں 13.4 اور کارگل میں 15 درجہ حرارت کم سے کم تھا۔
جموں میں 25.1 ڈگری، کٹرہ میں 23.2، بٹوٹ میں 19.2، بانہال میں 19.8 اور بھدرواہ میں 20.3 درجہ حرارت کم سے کم درج کیا گیا۔ادھراتوار کی دیر رات گئے چھتر گل کنگن میں تیز بارش کی وجہ سے زرعی اراضی اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی اور سیلابی پانی کی وجہ سے تقریبا ً40کنال اراضی پر دھان کی فصل کو شدید نقصان ہوا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ بارشوں کے پانی سے اندرونی سڑکوں کو بھی نقصان پہنچا۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے بتایاوقفے وقفے سے بارش کا امکان زیادہ تر امکان 27 جولائی تک ہے۔ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔ اس سے نشیبی علاقوں میں طوفانی سیلاب ، مڈ سلائیڈ ، لینڈ سلائیڈ اور سیلابی صورتحال بھی پیداہوسکتی ہے۔
خطہ پیرپنچال اور کھٹوعہ میں بادل پھٹے
۔21افراد کوسیلابی ریلوں سے بچالیا گیا
سمت بھارگو
راجوری//آفات سماوی بچائو فورس کی ٹیم نے پولیس کیساتھ مل کر پیر کو جموں و کشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں دریائے اْجھ میں سیلاب میں پھنسے خواتین سمیت 12 افراد کو بچالیا۔ادھر پونچھ میں بادل پھٹنے کے بعد سیلابی ریلے نے لائن آف کنٹرول پر چکاداں باغ تجارتی مرکز کو شدید نقصان پہنچایا اور یہاں تعینات9پولیس اہلکاروں کو فوج نے بچایا۔اس دوران پونچھ میں بڑے پیمانے پر پسیاں اور پتھر گرنے کی وجہ سے 3مال بردار گاڑیوں میں سوار ڈرائیور اور کنڈیکٹر بال بال بچ گئے۔بالائی علاقوں میں بارش کے باعث کھٹوعہ میں دریائے اْجھ میں پانی کی سطح بڑھنے سے خواتین سمیت 12 افراد پھنس گئے۔ایس ایس پرمیش کوتوال نے کہا کہ کٹھوعہ پولیس نے ایس ڈی آر ایف ٹیم کے ساتھ مل کر خواتین سمیت 12 افراد کو اوجھ ندی میں اچانک سیلاب سے بچایا ہے۔انہوںنے کہا، “جیسے ہی ہمیں پھنسے ہوئے افراد کے بارے میں اطلاع ملی، ہماری ٹیم نے تیزی سے کام کیا اور مقامی پولیس کی مدد سے قیمتی جانوں کو بچایا‘‘۔
ادھر مغل روڈ پر بفلیاز کے قریب پتھرگرنے کی وجہ سے کم از کم 3 ٹرکوں کو نقصان پہنچا اور ان گاڑیوں کے ڈرائیور اور کنڈیکٹربال بال بچ گئے۔حکام کے مطابق پھلوں، سبزیوں اور دیگر سامان سے لدے3 ٹرک مغل روڈ پر بفلیاز میں کھڑے تھے ،جب وہ پتھروں کی زد میں آ گئے۔حکام نے مزید کہا کہ ایک ٹرک کو شدید جبکہ 2 کو معمولی نقصان پہنچا۔حکام نے مزید کہا کہ راجوری کے تھانہ منڈی اور درہال پٹی میں موسلادھار بارش کے ساتھ راجوری-تھنہ منڈی-بفلیاز-شوپیان روڈ پر ڈیرہ کی گلی (ڈی کے جی) کے قریب صبح کے اوقات میں بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے بعد راجوری-تھنامنڈی-بفلیاز سڑک بند کر دی گئی۔ حکام نے کہا کہ سڑک کے دونوں طرف بڑی تعداد میں گاڑیاں پھنس گئیں۔ ان گاڑیوں کو بعد میں سورنکوٹ کے راستے کی طرف موڑ دیا گیا۔ادھر پونچھ کی سرحد سے متصل بالائی علاقوں میں بادل پھٹنے کے بعد رنگار نالے میں سیلاب نے پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے قریب چکن دا باغ میں واقع ہندوستانی تجارتی مرکز کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا جبکہ کم از کم 9 پولیس اہلکار اس میں پھنس گئے۔ سیلاب زدہ پولیس چوکی میں موججود 9اہلکاروںکو کل رات فوج، پولیس اہلکاروں اور علاقے کے مقامی لوگوں نے بچایا۔ٹریڈ سینٹر کی تقریباً 300 میٹردیوار طوفانی سیلاب کے باعث ٹوٹ گئی جبکہ پونچھ-راولاکوٹ روڈ پر رنگر نالہ کے مقام پر تقریباً 200 فٹ سڑک/کلوٹ بھی بہہ گیا۔ تقریباً سینکڑوں کنال زرعی اراضی پر دیہاتیوں کی کھڑی فصلوں اور ان کی زمینوں کو شدید نقصان پہنچا۔